33

ناروے:مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے ناروے اپنا کردار ادا کرے:سفیر پاکستان ظہیر پرویز خان

اوسلو(عقیل قادر) سفارتخانہ پاکستان اوسلو میں ناروے کے حالیہ صوبائی اور بلدیاتی انتخابات میں کامیاب ہونے والے پاکستانی نثراد ممبران کے اعزا ز میں ایک خوبصورت تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں نو منتخب ممبران اورسینئر پاکستانی نثراد سیاستدانوں نے شرکت کی۔ سفیر پاکستان ظہیر پرویز خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نومنتخب ممبران کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ یہ انتہائی پُرمسرت موقع ہے کہ حالیہ انتخابات میں بڑی تعداد میں نارویجن پاکستانیوں نے کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں 65 دن سے انسانیت سوز کرفیو جاری ہے جس کی وہ ہر سطح پر پُرزور مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ناروے جمہوریت اور امن پسند ملک ہے اور ناروے کو مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کُھل کر اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ شہباز طارق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نو منتخب ممبران کو پارٹی منشور کے مطابق کام کرنا چاہیے اور انہیں دوسرے پارٹی ممبران سے رابطوں کو مضبوط کرنا چاہیے تاکہ وہ ایک فعال کردار ادا کر سکیں۔ سابق پارلیمنٹ ممبر اطہر علی نے نو منتخب ممبران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ اپنی کمیونٹی کے مسائل کو اجاگر کریں کیونکہ آپ کی اصل طاقت آپ کی اپنی کمیونٹی ہے۔ تقریب سے جن دیگر اراکین نے خطاب کیا ان میں فواد خان، شاہد جمیل ، طلعت بٹ، سبینہ سید اور ناصر گوندل شامل ہیں ۔تقریب میں جن منتخب ممبران نے شرکت کی ان ناصر مشتاق احمد، اویس اسلم، غضنفر ڈینی چوہدری، اسد نصیر، سبینہ سید، فرخ قریشی، ماریہ قریشی، رمین نجم شیخ، ڈپٹی میئر یوسف گیلانی اور دیگر شامل ہیں۔ یاد رہے کہ حالیہ انتخابات میں ناروے بھر سے چالیس کے قریب پاکستانی نثراد ممبران منتخب ہوئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں