63

بلجیم میں کشمیریوں سے یکجہتی کے لیے کشمیرکونسل ای یو کے زیراہتمام شمعیں روشن کی جائیں گی

برسلز(پ۔ر) بلجیم کے دارالحکومت برسلزمیں یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے چار فروری کی شام کو شمعیں روشن کرکے مظلوم کشمیریوں کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہارکیاجائے گا۔پروگرام کشمیرکونسل ای یو کے زیراہتمام منگل چار فروری کی شام کو چار بجے سے چھ بجے تک برسلز میں یورپی پارلیمنٹ کے سامنے پلس لکسمبرگ کے مقام پر ہوگا جس میں زندگی کے ہرطبقے اور مختلف این جی اوز کے عہدیداروں خصوصاانسانی حقوق کی تنظیموں کے نمائندوں کی شرکت متوقع ہے۔اپنے ایک بیان میں یوم یکجہتی کشمیرکے حوالے سے کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے کہا ہے کہ ہم مسئلہ کشمیرکے منطقی اور منصفانہ حل تک کشمیر کی جدوجہد آزادی کی حمایت جاری رکھیں گے اور مقبوضہ کشمیرکے مظلوم عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہارکرتے رہیں گے۔ انھوں نے کہاکہ بھارت نے گذشتہ سال پانچ اگست کو جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے اس وقت سے اب تک مقبوضہ کشمیر کے عوام کا محاصرہ کررکھا ہے۔ علی رضا سید نے مقبوضہ کشمیرمیں جاری محاصرہ، قتل و غارت اوربے جا حراست سمیت ہر قسم کے سنگین بھارتی ہتھکنڈوں اور مظالم کی مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ جموں و کشمیر میں اقوام متحدہ کے ذریعے رائے شماری کرائی جائے جس میں حصہ لے کر کشمیری عوام اپنے مستقبل کا خود فیصلہ کرسکیں۔ انھوں نے مزید کہاکہ کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کے لیے پرامن جدوجہد کررہے ہیں اور بھارت مقبوضہ کشمیرمیں کشمیری عوام پر اپنی فوج کے ذریعے تشدد اور مظالم ڈھا رہا ہے ۔ مقبوضہ کشمیرمیں آٹھ لاکھ فوج کی موجودگی اور کالے قوانین اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت نے کشمیریوں کوسنگین دبامیں رکھاہواہے لیکن بھارت کی طرف سے مظالم اورتشددجیسے حربوں اور کالے قوانین سے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو روکا نہیں جاسکتا۔ یہ جدوجہد اپنے منطقی انجام تک جاری رہے گی۔چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضاسید نے مطالبہ کیا کہ انسانی حقوق کے عالمی اداروں کو بھارتی مظالم کا نوٹس لیناہوگااور کشمیریوں کو ان کا حق دلواناہوگا۔ خاص طورپر اقوام متحدہ اور یورپی یونین کو چاہیے کہ وہ مسئلہ کشمیرکے منصفانہ حل کے لیے اپنا کرداراداکریں اور اپنا اثرورسوخ استعمال کرکے مسئلہ کشمیرکے مناسب اورپرامن حل کا راستہ ہموار کریں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں