13

اوسلو:نئے پاکستان میں انصاف کا حصول ناممکن اور مہنگائی کا جن بے قابو ہو گیا ہے: چوہدری شبیر احمدآف کوٹلہ

اوسلو(عقیل قادر) ضلع گجرات کی معروف سیاسی شخصیت اور سابق ممبر پنجاب اسمبلی چوہدری شبیر احمد آف کوٹلہ ان دنوں ناروے کے دورہ پر ہیں اور بڑی تعداد میں انکے چاہنے والے انکے اعزاز میں مختلف تقریبات کا انعقاد کر رہے ہیں ایک ایسی ہی خوبصورت تقریب کا انعقاد ناروے کی معروف کاروباری شخصیت چوہدری قمر عباس ٹوانہ نے کیا۔ تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کا آغاز انعام الحق نے قرآن پاک کی تلاوت سے کیا اور معروف نعت خواں عبدالمنان نے نعت رسول ۖ پیش کی۔ چوہدری قمر عباس ٹوانہ نے استقبالیہ کلمات ادا کرتے ہوئے تمام مہمانوں اور باالخصوص چوہدری شبیر احمد کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ انکے خاندان کے کوٹلہ برادران سے کئی دہائیوں سے تعلقات ہیں جس کو وہ عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے پاک ناروے فورم کی پوری ٹیم کا بھی شکریہ ادا کیا۔ شبیر احمد کوٹلہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میزبان محفل کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ چوہدری قمر عباس ٹوانہ اور انکی فیملی کی اہل علاقہ کے لیے خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔ انہوں نے حالات حاضرہ پر گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کی حکومت پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ عوام کو جو نئے پاکستان کے خواب دکھائے گئے تھے وہ خواب اب چکنا چور ہو چکے ہیں اور عوام غربت اور مہنگائی کی چکی میں پستی جارہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نئے پاکستان میں انصاف کا حصول ناممکن ہو گیا ہے اور ضلع گجرات میں اسلحہ کلچر مسلم لیگ ن نے اپنے دور میں ختم کر دیا تھا اب دوبارہ زور پکڑتا جا رہا ہے۔عرفان راجہ نے تقریب کی نقابت کے فرائض کو احسن انداز میں سرانجام دیا۔ پیر سید نعمت علی شاہ بخاری نے پاکستان، کشمیر اور امت مسلمہ کے لیے خصوصی دعا کرائی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں