17

انٹر نیشنل میمن آر گنائزیشن (IMO) کی سماجی خدمات قابل تعریف ہیں: عمرمیمن

لندن ۔۔۔پرائیڈ آف ڈیمو کریسی انٹر نیشنل کے چیئر مین عمر میمن نے کہا ہے کہ انٹر نیشنل میمن آر گنائزیشن(IMO) کی سماجی خدمات کے سلسلے میں جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔بالخصوص میمن برادری کی فلاح و بہود و ترقی کے لیے IMO ہرشعبے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے IMO پاکستان چیپٹر کے صدر آصف مجید پانا والا سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران میں کیا۔انھوں نے حال ہی میں IMO کی جانب سے ونٹر فیملی فیسٹیول سیزن ٹو( Winter Family Festival ) اور بچت بازار کے کامیاب انعقادپر آصف مجید، ان کی پوری ٹیم اور IMO کو مبارک باد پیش کی۔انھوں نے مزید کہا کہ اتنے بڑے ایونٹ کا اہتمام آ صف مجید اور ان کی ٹیم کی صلاحیتوں کا نمایاں ثبوت ہے، جہاں صرف دو روزہ میلے اور بچت بازار میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے میمن برادری کے تیس ہزار سے زاید لوگوں نے شرکت کی۔ان میں خواتین اور بچوں سمیت نوجوان اور بزرگ بھی شامل تھے۔انھوں نے کہا کہ آصف مجید جیسی نوجوان قیادت،سینئر قائدین کی رہنمائی میں میمن کمیونٹی اور دیگر ضرورت مندوں کی خدمت اور جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہے۔عمر میمن نے کہا کہ IMO،جس طرح مختلف شعبوں، بالخصوص صحت،تعلیمی اور سماجی و معاشی سہولتیں، ضرورت مندوں کو فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے وہ انتہا ئی قابل تعریف ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ وہ انٹر نیشنل میمن آرگائزیشن(IMO) کو پاکستان سمیت بین الاقوامی سطح پر ہر طرح سے اپنا مکمل اوربھر پورتعاون فراہم کریں گے۔عمر میمن نے IMOکی جانب سے انھیں یادگاری شیلڈ ملنے پر آصف مجید پانا والا کا شکریہ ادا کیا۔انھوں آصف مجید کو سماجی خدمات کے سلسلے میں اپنے بھر پور تعاون کا یقن دلایا۔یاد رہے کہ عمر میمن نے اپنے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران میں دیگر تقاریب کے علاوہ، ونٹر فیملی فیسٹیول سیزن ٹو اور بچت بازار میں ندیم میمن،شفیع میمن اور سابق ایم این اے عبد العزیز میمن کے ہمراہ خصوصی طور پر شرکت کی، جہاں انھیںIMO کی جانب سے ان کی سماجی خدمات کے اعتراف میں خصوصی یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔اس موقعے پر سابق رکن قومی اسمبلی اور معروف سیاسی و سماجی شخصیت عبد العزیز میمن سمیت دیگر شخصیات کو بھی ان کی مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی و سماجی خدمات کے اعتراف میں یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔عمر میمن نے IMO کی جانب سے تمام جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے پر آصف مجید کوخصوصی مبارک باد دی۔انھوں نے کہا کہ جس طرح قیام پاکستان کے موقعے پر اور اس کے بعد میمن برادری نے پاکستان کے استحکام میں اپنا اہم کردار ادا کیا، اسی طرح موجودہ صورت حال میں ہمیں ایک بار پھر متحد ہو کر پاکستان کو مضبوط بنانے میں اپنا بھرپورکردار ادا کرنا ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں