46

یوم یاشورہ:سکیورٹی انتظامات چیک کرنے کیلئے کمشنرکادورہ شادیوال

گجرات(پریس ریلیز) کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن وقاص علی محمود نے کہا ہے کہ سکیورٹی کے لحاظ سے اے کیٹگری میں شامل عاشورہ محرم الحرام کی مجالس اور جلوسوں کو فول پروف سکیورٹی کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے، حساس قرار دیے جانیوالے جلوسوں کے روٹس کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کی جارہی ہے، لاء اینڈ آرڈر برقرار رکھنے کیلئے پولیس کی معاونت کیلئے رینجرز بھی موجود ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوںنے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد کے ہمراہ ڈی سی آفس میں قائم مرکزی کنٹرول روم کے معائنہ کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نے شادیوال میں نویں محرم کے مرکزی جلوس کے روٹ کا بھی معائنہ کیا،ڈی پی او توصیف حیدر ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ڈاکٹر رانی حفصہ کنول، توقیر الیاس چیمہ، اے سی محمد جمیل، پی ایس او ٹو کمشنر ندیم حسین بٹ، ممبر ضلعی امن کمیٹی خادم علی خادم ، سی او میونسپل کارپوریشن محمود اقبال گوندل بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر گجرات ڈاکٹر خرم شہزاد نے کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن وقاص علی محمود کو مرکزی کنٹرول روم میں سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ اور شادیوال میں جلوس کے روٹ کے حوالے سے انتظامات بارے بریفنگ دی۔ کمشنر وقاص علی محمود نے کہا کہ گوجرانوالہ ڈویژن میں عشرہ محرم الحرم کے دوران اے کیٹگری کے 106جلوس برآمد ہونا تھے ان میں سے نو محرم الحرام کو اے کیٹگری کے چار جلوس برآمد ہو رہے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ محرم الحرام کے دوران ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی کاوشیں نہایت اطمینان بخش ہیں جس کیوجہ سے کسی بھی علاقہ میں امن و امان کو کوئی مسئلہ درپیش نہیں تاہم ایمرجنسی صورتحال کیلئے رینجرز ضلع میں موجود ہیں اور انہیں مختصر نوٹس پر کال کیا جاسکتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نہ صرف مسلسل مانیٹرنگ کی جارہی ہے بلکہ اسکا بیک اپ ڈیٹا بھی محفوظ کیا جارہا ہے۔ انہوںنے امید ظاہر کی کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی کاوشوں ، علما کرام کے بھرپور تعاون سے عاشورہ محرم الحرام اتحاد بین المسلمین اور مذہبی ہم آہنگی کی فضا کیساتھ اختتام پذیر ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں