47

ہلا ل احمر پاکستان کی طرف سے بیسک لائف سپورٹ ٹریننگ میں شمولیت کرنیوالے 30تعلیمی اداروں کو فرسٹ باکسزکی فراہمی

گجرات (پریس ریلیز)ہلا ل احمر پاکستان کی طرف سے بیسک لائف سپورٹ ٹریننگ میں شمولیت کرنیوالے 30تعلیمی اداروں کو حادثات کی صورت میں ابتدائی طبی امداد کے لئے فرسٹ باکسز فراہم کر دیے گئے، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے پروقار تقریب کے دوران سرکاری و پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے سربراہان میں فرسٹ ایڈ باکسز تقسیم کئے، سی ای او ایجوکیشن افضل شاہد، سیکرٹری ہلال احمر گجرات نثار الدین ساجد ، کوآرڈی نیٹر محمد سلمان، ٹرینر حمزہ اسلام اور ہلا ل احمر کے رضا کار بھی اس موقع پر موجود تھے۔ انہوںنے بتایا کہ تعلیمی اداروں کو فراہم کئے جانیوالے فرسٹ ایڈ باکسز میں 32مختلف ادویات ، مرہم پٹی سمیت ابتدائی طبی امداد کے لئے مختلف آئٹمز موجود ہیں، جن تعلیمی اداروں کو یہ باکسز دیے جارہے ہیں انکے سربراہان یہ باکس تربیت یافتہ اساتذہ کے ذمہ لگائیں اور باکس میں موجود ادویات، مرہم و دیگر اشیاء کی ایکسپائری کی تاریخ کو بھی مد نظر رکھیں۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا کہ ہلا ل احمر گجرات کے زیر اہتمام تعلیمی اداروں ، پولیس لائنز سمیت مختلف اداروں میں ابتک 190تربیتی سیشنز میں 7ہزار سے زائد افراد کو ابتدائی طبی امداد کی ٹریننگ دی جاچکی ہے جبکہ کسی سانحہ یا ہنگامی حالات کی صورت میں فوری ردعمل کیلئے فرسٹ رسپانس ٹیم بھی تیار کی گئی ہے۔ انہوںنے کہا کہ عالمی اداروں کی رپورٹس کے مطابق پاکستان قدرتی آفات سے متاثر ہونے والے ممالک میں ساتویں نمبر پر ہے ، یہاں سیلاب، زلزلہ ، ٹریفک حادثات ، آتشزدگی سمیت کئی اقسام کی ہنگامی نوعیت ہو سکتی ہے ، ان حالات میں ہر فرد پر لازم ہے کہ وہ فرسٹ ایڈ کی تربیت حاصل کریں، سکولوں میں اساتذہ کرام، گھروں میں خاتون خانہ کو بھی فرسٹ ایڈ کی تربیت دی جانی چاہیے تاکہ کسی بھی حادثہ کی صورت میں ریسکیو ورکرز کے پہنچنے سے قبل متاثرہ شخص کی دیکھ بھال کی جاسکے۔ اس سے قبل سیکرٹری ہلال احمر اور ڈسٹرکٹ ٹریننر نے تربیتی سرگرمیوں بارے بریفنگ دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں