81

گستاخانہ خاکوں سے ایک ارب سے زائد مسلمانوں کے دینی جذبات مجروح ہونگے:پیرمحمدافضل قادری

گجرات ؍ لاہور ؍ اسلام آباد (پ ر) مسلم حکمرانوں! ابراہم خلیل اللہ علیہ السلام کی طرح باطل کے سامنے ڈٹ جاؤ اور ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کو روکنے کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہ کرو۔ او آئی سی کا ہنگامی اجلاس طلب کرکے فوری اور بھرپور کردار ادا کیا جائے۔ گستاخانہ خاکوں کے حوالہ سے لائحہ عمل مرتب کرنے کیلئے تحریک لبیک یارسول اللہ نے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے اور اقدامات کیلئے سفیروں کو خطوط جاری کردےئے گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار حضرت پیر محمد افضل قادری بانی تحریک لبیک یارسول اللہ نے نیک آباد شریف میں عید الاضحی کے بڑے اجتماع کے موقع پر ہزاروں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ گستاخانہ خاکوں سے ایک ارب سے زائد مسلمانوں کے دینی جذبات مجروح ہونگے اور عالمی امن کو نقصان پہنچنے کا شدید اندیشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ توہین آمیز خاکوں کی روک تھام کیلئے حکومت پاکستان فوری اقدامات اٹھائے بصورت دیگر پورا ملک سڑکوں پر نکل آئیگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عید قربان کا مقصد صرف جانور ذبح کرنا نہیں بلکہ خالق کائنات کی مکمل اطاعت اختیار کرنا اور نفسانی خواہشات کا خاتمہ ہے۔ رسول پاکﷺ کو امت سے اتنی محبت تھی کہ اپنی قربانی کیساتھ اپنی امت کی طرف سے بھی قربانی کا اہتمام فرماتے۔ عید کے موقع پر ہمسائیوں، مستحقین، اور غربا کا خیال رکھنے والے خوش نصب ہیں۔ نیک آباد شریف میں نماز عید الاضحی کے موقع پر امت مسلمہ، وطن عزیز پاکستان اور پاک فوج کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں اور ایام عید کے دوران سینکڑوں افراد میں قربانی کا گوشت تقسیم کیا گیا اور پیر صاحبان آنے والے مہمانوں سے عید ملتے رہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں