27

گرانفروشوں کے خلاف خصوصی مہم:1096گرانفروشوں کے پر30لاکھ6ہزارروپے جرمانہ عائد

گجرات(نمائندہ گجرات لنک)ضلع بھر میں یکم نومبر سے گرانفروشوں کے خلاف چلائی گئی خصوصی مہم کے دوران 1096گرانفروشوں پر 30لاکھ6ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے جبکہ 76ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے انہیں پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے، یہ تفصیلات ڈپٹی کمشنر ڈاکٹرخر م شہزاد نے بریفنگ کے دوران بتائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات پر گرانفروشوں کے خلاف کریک ڈائون کے دوران پرائس مجسٹریٹس نے مجموعی طور پر 3355مقامات پر انسپکشن کی اس دوران 1096دوکان دار مقررہ نرخوں سے زائد قیمتیں وصول کرنے کے مرتکب پائے گئے جن پر جرمانے عائد کئے گئے جبکہ ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے، پرائس کنٹرول قوانین کی سنگین نوعیت کی خلاف ورزی کرنیوالے 76افراد کو فوری طور پر گرفتار کرکے حوالہ پولیس کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے بتایا کہ سبزیوں، پھلوں کی قیمتوں پر کنٹرول کیلئے وہ خودبھی سبزی و فروٹ منڈیوں کے دورے کرتے ہیں جبکہ اسسٹنٹ کمشنرز اور انکے نمائندے بھی نیلامی کی نگرانی کرتے ہیں۔ انہوںنے بتایا کہ گرانفروشی کی روک تھام کیساتھ فوڈ پوائنٹس پر حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق صفائی کا نظام یقینی بنانے کیلئے پنجاب فوڈ اتھارٹی گجرات کی ٹیم نے 364انسپکشنز کیں ہیں، 353فوڈ پوائنٹس مالکان کو نوٹس جاری کئے گئے ہیں جبکہ ایک فوڈ پوائنٹس کو سیل کرکے 30ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں