17

گجرات: 3روزہ انسداد پولیو مہم کیلئے تیاریاں مکمل

گجرات(پ ر)رواں سال کی پانچویں 3روزہ انسداد پولیو مہم کیلئے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں،یہ مہم 10سے 12دسمبر تک جاری رہے گی جبکہ 13سے 14دسمبر تک دو روزہ فالو اپ مہم ہوگی، اس دوران مجموعی طور پر 4لاکھ41ہزار 392بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے، یہ تفصیلات ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد کی زیر صدارت ضلعی انسداد پولیو کمیٹی کے اجلاس میں بتائی گئیں، اے سی سرائے عالمگیر عمران بشیر، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر زاہد تنویر، ڈی ایچ او ڈاکٹر ایاز ناصر ، ڈبلیو ایچ او کے نمائندہ ڈاکٹر یاسر، روٹری کلب کے ضلعی صدر چوہدری ندیم سندھو، میونسپل آفیسر گجرات چوہدری عاصم و دیگر بھی موجود تھے۔ سی ای او ہیلتھ نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انسداد پولیو مہم کیلئے 2354اہلکار ڈیوٹی دیں گے، مجموعی طور پر 872موبائل ٹیمیں، 121فکسڈ ٹیمیں اور 32ٹرانزٹ ٹیمیں فرائض سرانجام دیں گی۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا کہ ملک کو پولیو سے پاک کرنے اور نئی نسلوں کو صحت مند مستقبل فراہم کرنے کیلئے ہر فرد کو اپنی ذمہ داری سرانجام دینا ہوگی،شہری بھی انسداد پولیو ٹیموں سے مکمل تعاون کریں اور کسی علاقہ میں ٹیم نہ پہنچنے کی صورت میں کنٹرول روم کے نمبر053-9260105پر رابطہ کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ انسداد پولیو ٹیموں کی سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار الرٹ رہ کر فرائض سرانجام دیں، ٹریفک پولیس، موٹروے پولیس ٹرانزٹ پوائنٹس پر گاڑیوں کو رکوائیں تاکہ ضلع میں داخل ہونیوالی ہر بچے کو انسداد پولیو ویکسئین پلائی جاسکے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ خیمہ بستیوں میں مقیم بچوں اور بھٹہ خشت پر مقیم بچوں کو ترجیحی بنیادوں پر پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں، ڈسٹرکٹ خطیب مساجد میں اعلانات کرائیں ، این جی اوز، میڈیا کا بھی تعاون حاصل کیا جائے جبکہ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ تمام سرکاری اور پرائیوٹ سکولز کو انسداد پولیو مہم کے دوران مکمل تعاون کی ہدایت کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں