498

کامیابی پر اللہ تعالیٰ کے حضور سربسجود ہیں، اہل گجرات کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہیں

گجرات(محموداختر محمود) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ اہل گجرات نے ہمارے ساتھ تاریخی محبت کا اظہار کیا ہے، ہم گجرات کے علاوہ تلہ گنگ اور بہاولپور میں واضح اکثریت سے جیت رہے ہیں، حسین الٰہی کی لیڈ 40 ہزار سے اوپر ہے۔ دونوں قائدین نے اس امر کا اظہار اپنی یقینی کامیابی کے بعد بہت بڑے پرجوش اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا جو اُن کی کامیابی پر اظہار مسرت کر رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس کامیابی پر اللہ تعالیٰ کے حضور سربسجود ہیں اور اہل گجرات کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہیں، ہم انشاء اللہ لوگوں کی خدمت کا وہ سلسلہ نہ صرف جاری رکھیں گے بلکہ آگے بڑھاتے رہیں گے جو ہمارے بزرگوں نے شروع کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری اپنی 38 سال کی سیاست میں شہر والوں نے جس محبت کا عملی اظہار کیا وہ تاریخ کا حصہ ہے، ہم آپ کی محبتوں کے باعث گجرات شہر سے بھی جیتے ہیں، میں کافی پولنگ سٹیشنوں پر گیا لوگوں نے روک کر کہا کہ وہ ہمیں ووٹ ڈالنے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلہ گنگ چکوال میں بھی لیڈ بہت زیادہ ہے، پولنگ سٹیشنز کافی ہیں ابھی مکمل نتائج آنے میں وقت لگے گا۔ انہوں نے کارکنوں سے کہا کہ وہ اہل گجرات کے ہاتھ چومیں کیونکہ انہوں نے اپنے دل میں موجود محبت کا مثالی اظہار ووٹ کی پرچی پر مہر لگا کر کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں