16

ڈسٹرکٹ پروبیشن آفس گجرات کے زیر اہتمام ای لائبرئری میں سیمینار کا انعقاد

گجرات(پریس ریلیز)ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ ضلع گجرات میں پروبیشن پر جیل سے رہا ایک ہزار سے زائد افرادکا ڈیٹا بیس مرتب کیا جائیگا، ایسے افراد کو ہیلتھ کارڈز کا اجرائ، انکے روزگار کیلئے اقدامات اور فلاحی سرگرمیوں میں شرکت یقینی بنائی جائے گی ، ان خیالات کا اظہار انہوںنے ڈسٹرکٹ پروبیشن آفس گجرات کے زیر اہتمام ای لائبرئری میں منعقد ہونیوالے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ڈی ڈی او ایچ ڈاکٹر سید غمخوار حسین، ڈسٹرکٹ پروبیشن آفیسر شاہد قیوم، مذہبی سکالر محمد جنید، چیف لائبرئرین مرزا عبدالرشید، مبین الرحمان نے بھی اظہار خیال کیا، سیمینار میں پروبیشن پر رہا افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا کہ غلطی انسان سے ہوسکتی ہے تاہم اللہ تعالی اپنے بندوں کیلئے توبہ کا دروازہ ہمیشہ کھلا رکھتا ہے ، پروبیشن پر رہائی آپ کیلئے موقع ہے کہ خود کو ذمہ دار شہری ثابت کریں ، غصے سے بچیں ،قانون کا احترام کریں، مستقبل میں ایسے افعال سے بچیں جس کے نتیجہ میں آپ کے خلاف قانون کی گرفت ہو سکے۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا کہ پاکستان کا فیملی سسٹم دنیا بھر کیلئے مثالی ہے، آپ اپنے والدین، بیوی بچوں کو وقت دیں، اولاد، چھوٹے بہن بھائیوں کی تعلیمی سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور اپنے تلخ تجربات کی روشنی میں انہیں درست راستے کیطرف راہنمائی فراہم کریں۔ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سید غمخوار حسین نے کہا کہ نشہ ایک بری عادت ہے جس سے چھٹکارا ممکن ہے اگر انسان توبہ کرلے تو یہ عادت اسکی بیماری میں بدل جائے گی جس کا علاج ممکن ہے، آپکی فیملی یا دوستوں میں سے اگر کوئی نشہ سے نجات چاہتا ہے تو اسکی مدد کی جاسکتی ہے۔ مذہبی سکالر محمد جنید نے کہا کہ دین اسلام کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر معاشرے کو مثالی بنایا جاسکتا ہے، دینی احکامات کی پیروی، حقوق و فرائض سے آگاہی اور ان پر عمل کرنا ہر مسلمان کا فرض ہے۔ انہوںنے کہا کہ ایک مسلمان کیلئے دوسرے مسلمان بھائی کی جان و مال کی حرمت ہے۔ سیمینار میں شریک پروبیشن پر رہا افراد نے تربیتی نوعیت کے سیمینار کے انعقاد پر حکومت پنجاب کا شکریہ ادا کیا اور اپنے مسائل سے بھی ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں