34

پاکستان کی طرح آزاد کشمیر میں بھی کرپشن کے بڑے مگر مچھوں کو جیل میں پہنچایا جائے گا:بیرسٹر سلطان

مظفر آباد( پ ر)آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ جسطرح فاروق حیدر اینڈ کمپنی کرپشن کر رہی ہے اور میرٹ سے ہٹ کر کام کر رہی ہے مجھے نہیں لگتا کہ یہ چند ماہ بھی مزید اقتدار میں رہ سکے۔26 تو کجا 56 وزراء بھی اب انکی حکومت نہیں بچا سکتے۔صبح گئے شام گئے اب انکا جانا ٹھہر گیا ہے۔ پیپلز پارٹی اور ن لیگ د ونوں ہی ایک سکے کے دو رخ ہیں اور دونوں پارٹیاں کرپشن میں لت پت ہیں۔پاکستان کی طرح آزاد کشمیر میں بھی کرپشن کے بڑے مگر مچھوں کو جیل میں پہنچایا جائے گا۔ایک کروڑ ملازمتوں کے کوٹے سے آزاد کشمیر کے نوجوانون کو بھی ملازمتیں دی جائیں گی اسی طرح پچاس لاکھ گھروں کے پہلے فیز میں مظفر آباد میں گھر تعمیر کیے جائیں گے۔ اسی طرح آزاد کشمیر کے باقی اضلاع میں بھی گھر تعمیر کیے جائیں گے۔کشمیر کی آزادی کے لئے بھی میری بین الاقوامی سطح پر جدوجہد جاری رہے گی تاہم میں نے اب آزاد کشمیر کے مودیوں کو انکے انجام تک پہنچانے کے لئے جنگ شروع کر دی ہے۔میں نے اپنے بیرون ممالک کے دورے پر جانے سے قبل وادیء نیلم میں عوامی رابطہ مہم کا اختتام کیا تھا جبکہ اب میں کوٹلہ سے عوامی رابطہ مہم کا آغاز کر رہا ہوں جو کہ موجودہ حکومت کے خاتمے تک جاری رہے گی۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں مظفر آباد میں کوٹلہ کے مقام پرایک بہت بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔جلسہ عام کی میزبانی و صدارت کے فرائض پی ٹی آئی کشمیر کے مرکزی رہنماء راجہ مدد نے کیے جبکہ جلسہ سے پی ٹی آئی کشمیر کے سینئر نائب صدرخواجہ فاروق احمد، سابق وزیر سردار گل خنداں،سابق مشیرسردار رتبارک،مرکزی نائب صدر پروفیسر تقدیس گیلانی،سابق صدر ویمن ونگ گلزار فاطمہ،چوہدری اسحاق طاہر، جواد گیلانی،راجہ شیراز، منیر اختر سلہریا،سید ذیشان حیدر کاظمی، سید تبریز کاظمی،میاں اخلاق رسول،راجہ الیاس،ملک عنصر، جبار مغل، شاہدہ نقوی، میر محمد اکرم، شازیہ اصغر، امتیاز اعوان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔اس سے قبل بیرسٹر سلطان محمود چوہدری جب مظفر آباد سے کوٹلہ کے لئے روانہ ہوئے تو انہیں گاڑیوں کے ایک بہت بڑے جلوس کی صورت میں کوٹلہ لایا گیا۔پورے راستے کو بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے خیر مقدمی بینروں ، پینا فلیکس اور پارٹی جھنڈوں سے دلہن کی طرح سجایا گیا تھا۔اس موقع پر جب بیرسٹر سلطان محمود چوہدری جب جلسہ گاہ پہنچے تو ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور انکے حق میں زبردست نعرے بازی کی گئی۔اس موقع پر نوجوانوں نے ایک کروڑ کشمیریوں کے ترجمان بیرسٹر سلطان ، کرپشن کے خلاف جنگ بیرسٹر سلطان کے سنگ، دو نہیں ایک کشمیر، اب کی بار سلطان کی سرکار جیسے فلک شگاف نعرے لگائے۔ اس موقع پربیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر کے موجودہ حکمران کرپشن میں لت پت ہو چکے ہیں اور اس سلسلے میں پیپلز پارٹی کرپشن میں انکی حواری جماعت ہے۔دو نوں جماعتیں ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔ فاروق حیدر حکومت کا جانا اب ٹہر چکا ہے۔ پی ٹی آئی کشمیر آزاد کشمیر کی سب سے بڑی سیاسی جماعت بن چکی ہے اورعوام پی ٹی آئی کشمیر کے پلیٹ فارم پر اکھٹے ہو رہے ہیں۔آزاد کشمیر میں بھی اب تبدیلی کی ہوائیں چل پڑی ہیں اور عوام پی ٹی آئی کشمیر کو اقتدار میں دیکھنا چاہتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں