67

مصنوعی مہنگائی کی روک تھام کیلئے مسلسل نگرانی یقینی بنائی جا رہی ہے:ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد

گجرات(پریس ریلیز)ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ مصنوعی مہنگائی کی روک تھام کیلئے ضلع بھر کی سبزی و فروٹ منڈیوں میں نیلامی کے عمل کی مسلسل نگرانی یقینی بنائی جارہی ہے، پرائس مجسٹریٹس نے یکم ستمبر سے 10ستمبر تک آٹا، گھی، دالیں اور دیگر اشیائے خورد و نوش مہنگے داموں فروخت کرنیوالے 161دوکانداروں پر 3لاکھ70ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پرائس کنٹرول کے حوالے سے بریفنگ کے دوران کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ گجرات، جلالپور جٹاں، لالہ موسی، ڈنگہ، سرائے عالمگیر سمیت تمام سبزی و فروٹ منڈیوں میں نیلامی کے دوران مارکیٹ کمیٹی کے عملہ کیساتھ اسسٹنٹ کمشنرز کے نمائندگان بھی موجود ہوتے ہیں اور یقینی بنایا جارہا ہے کہ طلب اور رسد کو مد نظر رکھتے ہوئے سبزیوں اور پھلوں کے ریٹس مقرر کئے جائیں۔ انہوں نے بتایا کہ ضلعی پرائس کمیٹی نے تاجروں کی مشاورت سے اشیائے خورد و نوش کی ہول سیل اور پرچون قیمتیں مقر ر کی ہیں، پرائس مجسٹریٹس کو واضع ہدایات ہیں کہ گرانفروشی کرنیوالوں سے کوئی رعایت نہ کی جائے۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے بتایا کہ رواں ماہ کے دوران پرائس مجسٹریٹس نے 148مارکیٹوں میں 884مقامات پر قیمتوں کی انسپکشن کی ہے، اس دوران 161افراد گرانفروشی اور ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے کے مرتکب پائے گئے جن پر جرمانے عائد کئے گئے ہیں۔ انہوں نے واضع کیا کہ آئندہ دنوں میں پرائس کنٹرول کاروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے گی اور مصنوعی مہنگائی کرنیوالوں کے خلاف سخت ترین ایکشن لیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں