11

جامعہ گجرات میں پاکستان آرمی کے اشتراک سے قومی و فکری سیمینار”نظریۂ اجتماعیت اور قومی ترقی” کا انعقاد

گجرات(پ۔ر)جامعہ گجرات میں پاکستان آرمی کے اشتراک سے قومی و فکری سیمینار”نظریۂ اجتماعیت اور قومی ترقی” کا انعقاد حافظ حیات کیمپس میں ہوا۔ مہمان خصوصی جنرل افسر کمانڈنگ17ڈویژن کھاریاں کینٹ میجر جنرل شاہد نذیر ہلال امتیاز ملٹری تھے۔ سیمینار کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شبر عتیق نے کی۔ میجر جنرل شاہد نذیر نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور افواج کے مابین ایک مربوط جذباتی رشتہ ہے۔ پاکستان کی ستر سالہ تاریخ عزم و ہمت ، شجاعت و جرات اورجذبہ ٔ حب الوطنی کی مثالی داستان ہے۔ پاکستانی عوام نے ہمیشہ عساکرپاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہوتے ہوئے جغرافیائی و نظریاتی سرحدوں کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا۔ پاکستان اپنی سرحدوں کے حوالہ سے دنیا کا اہم ترین ملک ہے۔ پاکستانی قوم نے دہشت گردی کے قلع قمع کے لیے مثالی قربانیاں پیش کیں۔ عساکر پاکستان قدرتی آفات کی دلدوز گھڑیوں میں پاکستانی عوام کی خدمت کے لیے ہر اول دستہ رہی۔ دورحاضر میں مختلف آئینی اداروں کا باہمی اشتراک نظریۂ اجتماعیت کے تصور کوفروغ دیتے ہوئے قومی ترقی کا روشن شاخسانہ ہے۔ نوجوان طلبہ پاکستان کے مستقبل کی پرعزم قیادت ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر شبر عتیق نے کہا کہ عساکر پاکستان ملکی دفاع کے لیے ناگزیر ہیں۔ افواج پاکستان ایک ایسا اہم ترین ادارہ ہے جس نے پاکستان کی بیرونی سرحدوں کے دفاع اور اندرونی خلفشار و دہشت گردی کے خاتمہ کے لیے بے پناہ خدمات سرانجام دیں۔ علمی و عسکری اداروں کے مابین دیرپا روابط وقت کا اہم تقاضا ہے۔ نوجوان طلبہ کے اذہان کو قومی فکر سے منور کرناجامعہ گجرات کا اعزاز ہے۔ شعبہ امور طلبہ کے زیر اہتمام منعقدہ سیمینار کے مہمانان اعزازی میں پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد فہیم ملک ، رجسٹرار ڈاکٹر طاہر عقیل، مختلف شعبہ جات کے صدور و چیئرپرسن، انتظامی شعبوں کے سینیئر اراکین اور اساتذہ شامل تھے۔ میجر جنرل شاہد نذیر نے پاکستان کی عسکری جدوجہد پر بھرپور روشنی ڈالتے ہوئے مزید کہا کہ پاکستان مسلم دنیا کی واحد ایٹمی طاقت ہے۔ پاکستان کے جفاکش اور ہنر مند عوام ہر لحظہ قومی تعمیر و ترقی میں مصروف عمل ہیں۔ پاکستان نے تن تنہا دہشت گردی جیسے عفریت کا خاتمہ کیا۔ کامیابی ہماری واحد امید اور عزم ہے۔ نوجوان طلبہ اپنی قابلیت و لیاقت کے حوالہ سے کامیابی کے اہداف کے حصول کے لیے ہر اول دستہ بن سکتے ہیں۔ فرمودات قائد اعظم ہمارے لیے راہنما اصول ہیں۔ قومیں ہمیشہ فکری ہم آہنگی اور باہمی اتحاد کے ذریعے ترقی کرتی ہیں۔ پاکستان کے تمام عوام اس کے سپاہی ہیں۔ سی پیک پاکستان کی لائف لائن ہے۔ احترام اساتذہ ایک سچے طالب علم کا قیمتی اثاثہ ہے۔ خواتین کو تعلیم کے وسیع مواقع سے فیض یابی حاصل کرتے ہوئے اخلاقی اقدار کا پاسبان بننا چاہیے۔ اس موقع پر طلبہ و اساتذہ نے اپنے علمی و فکری سوالات کے ذریعے پاکستان کی اجتماعی ترقی بارے آگاہی حاصل کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں