13

جامعہ گجرات میں ٹیکس فائلنگ اور ٹیکس ریٹرن کے موضوع پر تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

گجرات (پ۔ر)جامعہ گجرات کی فیکلٹی برائے مینجمنٹ و ایڈ منسٹر یٹو سائنسز FMAS کی سوشل انٹر یپرینیئل سوسائٹی کے زیر اہتمام ٹیکس فائلنگ اور ٹیکس ریٹرن کے موضوع پر تربیتی ورکشاپ کا انعقاد حافظ حیات کیمپس میں ہوا۔ تربیتی ورکشاپ کا مقصد یونیورسٹی اساتذہ و ملازمین کوFBRموبائیل اپلی کیشن کے ذریعے ٹیکس گوشوارے اور اثاثہ جات ڈیکلیئر کرنے بارے پیشہ وارانہ اور تکنیکی مہارت و امور سے آگاہی مہیا کرنا تھا۔ ورکشاپ کے افتتاحی اجلاس سے ڈینFMASڈاکٹر عبدالرحمان نے خطاب کیاجب کہ سینیئر فیکلٹی ڈاکٹر اشفاق مرزا نے ورکشاپ کے اغراض و مقاصد کا تفصیلی تعارف کروایا۔ ورکشاپ کے فوکل پرسن ایگزیکٹو ڈائریکٹر پلاننگ ڈویلپمنٹ الیکٹرک فین انڈسٹری عمر نعیم تھے۔ عمر نعیم نےFBRکے ٹیکس ویب پورٹل اور FBRموبائیل اپلی کیشن کا تفصیلی عملی تعارف کرواتے ہوئے شرکاء کو ٹیکس گوشوارے بھرنے اور اثاثہ جات ڈیکلیئر کرنے کے طریقہ کار سے آگاہ کرتے ہوئے مختلف مراحل کا تفصیلی تجزیہ پیش کیا۔ڈاکٹر عبدالرحمان نے کہا کہ ٹیکس کی بروقت ادائیگی ہر شہری کا اولین فریضہ ہے۔ جدید طرز حکمرانی میں عوامی فلاح و بہبود کے کاموں کو بہتر انداز میں پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے عوامی ٹیکس اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ عوام کی سہولت کے پیش نظرFBRنے اپنے ویب پورٹل اور موبائیل اپلی کیشن کے ذریعے ٹیکس ادائیگی کے طریقہ کو سہل بنانے کی کوشش کی ہے۔ اساتذہ معاشرتی تشکیل میں اہم کردار کے حامل ہیں۔ اساتذہ کرام اور دیگر یونیورسٹی ملازمین کو اپنے ٹیکسوں کی ادائیگی از خود کرنے کے طریق کار سے مفصل آگاہی حاصل ہونا چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں