18

جامعہ گجرات میں”کرپشن فری پاکستان اور کاوشِ تعمیر کردار” کے حوالہ سے مختلف سرگرمیوں کا انعقاد

گجرات (جی پی آئی) جامعہ گجرات کے شعبہ اُمور طلبہ کی کریکٹر بلڈنگ سوسائٹی کے زیر اہتما م”کرپشن فری پاکستان اور کاوشِ تعمیر کردار” کے حوالہ سے مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔ ان سرگرمیوں میں مقابلہ مضمون نویسی، تقریری مقابلہ جات اور مقابلہ پوسٹر و پینٹنگ شامل تھے۔ ان تمام مقابلہ جات کا انعقاد NABپاکستان کی ہدایات پر کیا گیا۔ ان تمام مقابلہ جات و سرگرمیوں کا اولین مقصد نوجوان طلبہ میں کرپشن کے قلع قمع کے خلاف کاوشوں کو فروغ دیتے ہوئے ان کی تعمیر کردار تھا۔ یاد رہے کہ NABلاہور9دسمبر کو یوم اینٹی کرپشن کا انعقاد کرنے جا رہی ہے تاکہ عوام میں کرپشن جیسی کر یہہ برائی کے خلاف شعور کو پروان چڑھاتے ہوئے ایک عظیم و خوشحال پاکستان کے تصور کو عملی جامہ پہنایا جا سکے۔ مضمون نویسی، تقریر اور مصوری کے ان مقابلہ جات میں سکولوں، کالجوں اور جامعہ گجرات کے مختلف شعبہ جات کے طلبہ نے کثیر تعداد میں شرکت کرتے ہوئے کرپشن کے خاتمہ کے لیے اپنے خیالات و تصورات کا اظہار عمدہ انداز میں کیا۔ ان تمام سرگرمیوں کا انعقاد کریکٹر بلڈنگ سوسائٹی، اوڈیم آرٹ سوسائٹی اورUOGڈیبیٹنگ سوسائٹی کی مشترکہ کوششوں سے عمل میں لایا گیا۔ ان مقابلہ جات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبا و طالبات9دسمبرکوNABلاہور کے زیر اہتمام تقریب یوم اینٹی کرپشن میں حصہ لیتے ہوئے فائنل مقابلوں میں شرکت کریں گے۔ ان مقابلہ جات کے منصفین میں سینئر اساتذہ ڈاکٹر بہزاد انور، ڈاکٹر ریاض احمد مانگریو، رضائے مصطفی سابق صدور سوسائٹی شاہ زیب و قرة العین شامل تھے۔ ڈائریکٹرSSCمحمد یعقوب نے کہا کہ کرپشن ایک ناسور ہے جو ملک و قوم کی جڑوں کو کھوکھلا کر رہا ہے۔ کرپشن بارے عوامی شعور کی آگاہی و معاونت از حد لازم امر ہے۔ کرپشن مختلف شعبوں میں جڑیں پھیلاتے ہوئے اجتماعی معاشی استحصال کا باعث بنتی ہے۔ کرپشن عوام کو ان کے جائز حقوق کی فراہمی میں سد راہ بنتے ہوئے ملکی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے۔ جامعہ گجرات میں منعقدہ تقریری مقابلہ جات اُردو و انگریزی میں عائشہ رانی، عزا تحرین و آصفہ مقدس اور عروش، سندس بنت انصرو افشا ں وائیں نے بالترتیب اول، دوم و سوم پوزیشن حاصل کی۔ مقابلہ مضمون نویسی میں شعیب بٹ، فہد افضل و عائشہ احمد اور مقابلہ پوسٹر و پینٹنگ میں عمر زمان خان، جویریہ زینب، شہروز وحید وارتضیٰ علی نے بالترتیب اول، دوم و سوم پوزیشن حاصل کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں