105

میرپور کے لوگوں نے ہمیشہ مشکل وقت میں ضرورت مندوں کی فراخدلی سے مدد کی ہے:بیرسٹرسلطان محمودچوہدری

میرپور(پ ر)آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدربیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں کرونا وائرس کی صورت حال تسلی بخش ہے کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد درجن کے قریب ہے لیکن لاک ڈاؤن کی وجہ سے دیہاڑی دار مزدور اور دیگر سفید پوش مشکلات کا شکار ہیں۔کیونکہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے کاروبار زندگی معطل ہو چکا ہے۔اس مشکل وقت میں وزیراعظم عمران خان نے لاک ڈاؤن کی وجہ سے مشکلات کا شکار خاندانوں کے لیے ماہانہ 12 ہزار روپے امداد کا فیصلہ کیا ہے۔وفاقی حکومت کے اس پیکیج تحت لوگوں کو پیسے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اور احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت دئیے جائیں گے۔سروے فارم کی تقسیم شروع ہو چکی ہے میری اس سلسلے میں کمشنر میرپور اور ضلعی انتظامیہ سے تفصیلی بات ہوئی ہے اس سروے میں مقامی پٹواری ایک لوکل گورنمنٹ کا ملازم اور ٹیچر گھر گھر جا کر فارم تقسیم کریں گے اور مستحق خاندانوں کا ڈیٹا اکھٹا کریں گے پھر اس کے بعد متعلقہ خاندان کو بارہ ہزار روپے ماہانہ دئیے جائیں گے۔اس سروے کے تحت صرف آزاد کشمیر کے شہری رجسٹر ہو سکیں گے ضرورت مند خاندان اپنے آپ کو زیادہ سے زیادہ رجسٹر کروائیں اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی مشکل کی صورت میں پی ٹی آئی کشمیر سٹی میرپور کے مقامی عہدیداران سے رابطہ کریں۔انشاء اللہ اس پروگرام سے آزاد کشمیر کے لوگ بھرپور استفادہ حاصل کریں گے۔میرپور میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے بے روزگار ہونے والے ضرورت مند خاندانوں میں میرپور کے مخیر حضرات راشن تقسیم کر رہے ہیں جس پر میں مخیر حضرات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں میرپور کے لوگوں نے ہمیشہ مشکل وقت میں ضرورت مندوں کی فراخدلی سے مدد کی ہے۔میری گذارش ہے کہ لوگوں کی مدد کرتے وقت ان کی عزت نفس مجروح نہ کریں۔بغیر نمود و نمائش کے لوگوں کی مدد کریں۔اس سلسلے میں میری اپیل پر رؤف مغل بن خرماں میں پندرہ سو سے زائد خاندانوں میں راشن تقسیم کر چکے ہیں باقی مخیر حضرات اور خاص کر پی ٹی آئی کشمیر کے لیڈران اور عزیز و اقارب سے اپیل ہے کہ وہ اس مشکل کی گھڑی میں دل کھول کر ضرورت مندوں اور سفید پوش لوگوں کی مدد کریں۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں میرپور میں بن خرماں میں پاکستان تحریک انصاف ویسٹ میڈ لینڈ کے جنرل سیکرٹری رؤف مغل کی رہائشگاہ پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر تحریک انصاف کے مرکزی قائدین چوہدری محمد منشا سکندر بیگ چوہدری عنصر صارم اسلم مغل حسنین چغتائی نصیر احمد چوہدری ایڈووکیٹ زاہد ایوب چوہدری ممتاز حسین اور دیگر بھی موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں