57

ہرمکتبہ فکرسے تعلق رکھنے والے نوجوان ٹائیگرفورس میں رجسٹریشن کروائیں:بیرسٹرسلطان محمودچوہدری

اسلام آباد(پ ر)آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم وپی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے جو اقدامات اٹھائے ہیں اس میں کرونا وائرس کے نتیجے میںدرپیش صورتحال سے نبرد آزما ہونے کے لئے ٹائیگر ریلیف فورس کا قیام ہے اوراگرچہ اس میں ہر مکتب فکر کے نوجوان شامل ہونگے اوریہ کسی ایک جماعت کی نہیں لیکن میں پھر بھی اپنے انصاف یوتھ اور آئی ایس ایف کے نوجوانوں سے کہوں گا کہ وہ اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اس سلسلے میں جو پورٹل بنایا گیا ہے اس میں اپنی رجسٹریشن کرائیں تاکہ ٹائیگر ریلیف فورس میں شامل ہو کر وہ بے شمار غریب اور مستحق افراد کی بھرپور مدد کے لئے معاون ثابت ہوں۔کیونکہ لاک ڈاﺅن کی وجہ سے لوگ گھروں میں محصور ہیں اوراس سے متاثر ہونے والے غریب مزدور اور دیہاڑی دار لوگوں کی بھرپور انداز میں مدد کی جانی چاہیے اور ان تک کھانے پینے کی اشیاءپہنچاسکیں۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں اسلام آباد میں وزیر اعظم پاکستان کے ٹائیگرریلیف فورس اور کروناسے ،متاثرہ افراد کے لئے قائم ریلیف فنڈ کے حوالے سے اپنے ایک خصوصی پیغام میں کیا۔ اس موقع پربیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر کے دوردراز علاقوں میں لوگوں کو زیادہ مسائل کا سامنا ہے لہذا وہاں پرزیادہ ضروریات زندگی پہنچائی جانے کی ضرورت ہے۔ اب اس سلسلے میں ہماری یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم سب نے ملکر اس آفت کا بھرپور مقابلہ کرنا ہے اور اس سلسلے میں وزیر اعظم عمران خان نے ریلیف فنڈ کابھی اعلان کیا ہے میں اس سلسلے میں اندرون و بیرون ملک کشمیریوں اور مخیر حضرات سے اپیل کرونگا کہ وہ وزیر اعظم کے کرونا سے متاثرہ افراد کے لئے قائم ریلیف فنڈکےلئے نیشنل بنک میں قائم کردہ اکاﺅنٹ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور دل کھول کر امداد دیں تاکہ عام لوگوں کے مسائل اس سے حل کیے جا سکیں۔ ہمارا ایمان ہے کہ ہمارے عوام کرونا وائرس سے مقابلہ کر کے اس وبائی مرض کو شکست دینے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ اس سلسلے میں ہمیں ایک قوم بن کر آگے بڑھنا ہو گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں