20

چوہدری برادران کنجاہ میں ہیلپ ڈیسک قائم کریں(رپورٹ:یاورعباس، صدیق بٹ)

کنجاہ (یاورعباس صدیق بٹ )اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی ، ایم این اے چوہدری مونس الٰہی کے حلقہ انتخاب کا مرکزی قصبہ کنجاہ آبادی کے لحاظ سے گجرات کے بعد اپنے حلقہ کا سب سے بڑا قصبہ ہے کنجاہ کی آبادی تقریباً 50ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جن میں 70فیصد لوگ دیہاڑی دار اور متوسط طبقے کے کاروبار کرنے والے ہیں ، چھوٹے کاروبار بند ہونے کی وجہ سے وہ لوگ بھی بےروزگار ہوچکے ہیں ۔ اگرچہ انفرادی طور پر چند مخیر حضرات لوگوں کو راشن فراہم کررہے ہیں مگر اس کے باوجود متعدد غریب لوگ ایسے ہیں جن کو تاحال راشن نہیں مل رہا ہے اور ان میں سے بعض کے گھروں میں فاقوں کی نوبت بھی آچکی ہے ۔ حکومت پنجاب اور وفاقی حکومت کی جانب سے بھی شہریوں کی تاحال کوئی امداد نہیں کی گئی ۔ ایسے میں ضرورت اس امر کی ہے کہ چوہدری برادران کنجاہ میں ایک ہیلپ ڈیسک قائم کریں جہاں ضرورت مندوں کو راشن کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔ میونسپل کمیٹی کنجاہ کے عملہ صفائی کو بھی مستحقین کی فہرست میں شامل کیا جائے اور ان کوبھی راشن فراہم کیا جائے ۔ جن لوگوں کو راشن مل رہا ہے انہیں بھی چاہیے کہ وہ صبر و تحمل کے ساتھ اس راشن سے زیادہ سے زیادہ دن نکالنے کی کوشش کریںاور اگر ایک جگہ سے راشن مل جائے تو دوسری جگہوں سے راشن وصول کرنے کی کوشش نہ کریں تاکہ ان لوگوں تک بھی راشن پہنچ سکے جن کو ایک دفعہ بھی نہ مل سکا ہوکیونکہ یہ ہمارا قومی اور ملی جذبہ ہونا چاہیے کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہر ایک کا خیال رکھا جاسکے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں