47

کروناوائرس رپورٹ نیگٹیوآنے والے مریضوں کومتابدل قرنطینہ سنٹرشفٹ کرنے کی ہدایات

گجرات۔ (نمائندہ خصوصی)حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق عزیز بھٹی شہید ہسپتال کی آئسو لیشن وارڈ میں موجود کرونا کے ایسے مریض جنکے ٹیسٹوں کی رپورٹس نیگٹوآئی ہیں انہیں فوری طور پر متبادل قرنطینہ سنٹرز میں شفٹ کر دیا جائے، ٹیچنگ ہسپتال کے وارڈز کو صرف پازیٹو مریضوں کیلئے استعمال کیا جائیگا، یہ ہدایات ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے اسسٹنٹ کمشنرز اور محکمہ صحت کے افسران کو جاری کی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ابتک 310مریضوں کی کرونا ٹیسٹ کے حوالے سے رپورٹس کرائی گئی ہیں جن میں سے پچاس پازیٹو ہیں، بیشتر مشتبہ افراد کی نیگٹو رپورٹس ملی ہیں جبکہ متعدد کی رپورٹس کا انتظار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جن مشتبہ افراد کی نیگٹو رپورٹس آئی ہیں انہیں بھی 14روز آئسو لیشن میں رکھا جائے گا اس مقصد کیلئے60بیڈ کے سوشل سکیورٹی ہسپتال جی ٹی روڈ گجرات،120بیڈ کے مشن ہسپتال کے ساتھ میڈیکل کالج میں قائم قرنطینہ سنٹرز کو فوری طور پر فنکشنل کر دیا گیا ہے اسکے ساتھ سپورٹس جمنزیم گجرات میں بھی فیلڈ ہسپتال قائم کیا جارہا ہے جہاں آئسولیشن میں رکھے گئے مریضوں کیلئے بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے گی۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے بتایا کہ تحصیل کھاریاں اور تحصیل سرائے عالمگیر سے تعلق رکھنے والے افراد کیلئے مقامی ٹی ایچ کیو ہسپتالوں کو آئسولیشن وارڈز میں تبدیل کیا جاسکتا ہے تاہم کنفر م مریضوں کا علاج عزیز بھٹی شہید ٹیچنگ ہسپتال میں ماہرین کی زیر نگرانی ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں