38

محکمہ زراعت توسیع کے زیر اہتما م سموگ کے حوالے آگاہی کیلئے میگا فارمر ڈے کاانعقاد

گجرات(پریس ریلیز) محکمہ زراعت توسیع کے زیر اہتما م سموگ کے حوالے آگاہی کیلئے میگا فارمر ڈے کاانعقاد کیا گیا جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے کی، اے ڈی سی آر سید نظارت علی، ڈائریکٹر زراعت توسیع گوجرانوالہ جاوید اقبال، ڈاکٹر مزمل کاہلوں، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع ڈاکٹر عرفان اللہ وڑائچ،زرعی تحقیقاتی مرکز کالا شاہ کاکو کے ماہرین ڈاکٹر طاہر اعوان، سجاد حیدر کاظمی، ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹررضوان نے میگا فارمر ڈے کے شرکاء کوسموگ کی وجوہات اور فصلوں کے مڈھ جلانے سے زرعی زمین کی پیداواری صلاحیت کو ہونیوالے نقصانات بارے شرکا کو آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دھان کی فصلوں کے مڈھ جلانا ہر سال سموگ کی بڑی وجہ بن چکا ہے رواں سال اسکی روک تھام کیلئے ضلع میں بروقت آگاہی مہم شروع کی گئی ہے تاہم اسکے باوجود فصل کی باقیات کو آگ لگاکر آلودگی اور سموگ کا باعث بننے والوں کے خلاف قانون کے مطابق ایکشن لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت کے تمام شعبہ جات زرعی پیداوار میں اضافہ کیلئے کسانوں کی راہنمائی کیلئے ہمہ وقت موجود ہیں، کسان حضرات زرعی ماہرین کی خدمات سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے فصلوںکی پیداوار میں اضافہ کریں۔ اس سے قبل زرعی ماہرین کا کہنا تھا کہ دھان کے مڈھ جلانے سے زرعی زمین کی زرخیزی متاثر ہوتی ہے، کسان حضرات فصلوںکی کٹائی کیلئے جدید زرعی آلات کا استعمال کریں۔ انہوں نے بتایا کہ دھان کے مڈھ جلانے کی بجائے اس پر ہل چلا کر زمین کی زرخیزی میںاضافہ کیا جاسکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں