92

پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں مجالس عزا کا سلسلہ جاری

وارسا (خصوصی رپورٹ)پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں ایام شہادت امام حسین علیہ السلام کی مناسبت سے مجالس عزا کا سلسلہ جاری ہے۔ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب یعنی ساتویں محرم کی رات کو ممتازعراقی عالم دین شیخ سید علی خلخالی نے برطانیہ سے آن لائن وارسا میں عزا کے اجتماع سے خطاب کیا۔ انہوں نے قرآن و حدیث کی روشنی میں شہادت کے فلسفہ کی تشریح کی اور میدان کربلا میں شہادت غازی عباس علمدار کا واقعہ بیان کیا۔ شیخ علی خلخالی نے اپنے خاص انداز میں دردناک شہادت حضرت عباس باوفا (ع) بیان کرکے حاضرین مجلس کی آنکھوں کو اشکبار کردیا۔ مجلس کی نظامت کے فرائض پاکستانی ریسرچ اسکالر ڈاکٹر سید سبطین شاہ نے سر انجام دیئے جبکہ پاکستانی نوحہ منقبت خواں سید مہدی رضوی نے سلام پیش کیا اور نوجوان نوحہ خوانوں سید اسد عباس اور سید رضا عباس برادران نے دلسوز اشعار میں نوحہ خوانی کی۔ مجلس میں پاکستانیوں کے علاوہ عراقی، ایرانی اور آذربائیجان کے لوگ بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے عراقی سماجی و کاروباری شخصیت اور مجلس کے منتظم ابو اسد نجفی نے کہا کہ امام حسین علیہ السلام کا غم منانے جمع ہوئے ہیں اور یہاں مختلف اقوام کے لوگ اس غم میں شریک ہو رہے ہیں۔مجلس کے اختتامی مرحلے میں عزاداران نے ماتم و سینہ کوبی کر کے امام حسین علیہ السلام اور ان کے خاندان کی شہادتوں پر اپنے غم کا اظہار کیا اور یزیدیت کو مردہ باد کہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں