89

وزیر اعظم عمران خان کا نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی برائے ہاوسنگ، کنسٹرکشن اینڈ ڈویلپمنٹ کے ہفتہ وار اجلاس سے خطاب

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیر اعظم عمران خان نے بینکوں کی جانب سے تعمیرات کے شعبے میں متحرک کردار ادا کرنے کے عزم پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تعمیرات کا شعبہ معیشت کے فروغ کا ضامن ہے، تعمیرات کے شعبے کے فروغ سے بنکوں کے لیے منافع بخش کاروبار کے بے شمار مواقع میسر آئیں گے، گھروں کی تعمیر کے حوالے سے درخواستوں کو آسان اور سہل بنایا جائے، کم اور درمیانہ آمدنی والے افراد اس سہولت سے زیادہ سے زیادہ مستفید ہو سکیں۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنی زیر صدارت نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی برائے ہاوسنگ، کنسٹرکشن اینڈ ڈویلپمنٹ کے ہفتہ وار اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وزیرِ اطلاعات سینیٹر شبلی فراز، معاونین خصوصی ملک امین اسلم، لیفٹنٹ جنرل(ر) عاصم سلیم باجوہ، سید ذوالفقار عباس بخاری، ڈاکٹر شہباز گل، گورنر اسٹیٹ بنک ڈاکٹر رضا باقر، چیئرمین نیا پاکستان ہاوسنگ اتھارٹی لیفٹنٹ جنرل(ر) انور علی حیدر و دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک کے تمام بڑے بنکوں کے صدور اور آباد کے نمائندگان بھی شریک ہوئے۔اجلاس میں شرکا کوتعمیرات کے شعبے میں بنکوں کی جانب سے آسان قرضوں اور رقوم کی فراہمی کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت پر بریفنگ دی۔ صدر پاکستان بینکس ایسوسی ایشن نے وزیر اعظم کو بریف کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے تعمیرات کے فروغ کے لیے موافق پالیسیوں اور بنکوں کے لیے سہولت کاری سے نجی بنکوں کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔ تمام بنک تعمیرات کے فروغ خصوصا کم اور درمیانہ آمدنی والے افراد کو گھر کی سہولت کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔صدر بنک آف پنجاب اور صدر بنک الفلاح نے نیا پاکستان ہاسنگ پروگرام کے تحت گھروں کی تعمیر کے فروغ کے لیے متعارف کرائے جانے والے پراڈکٹس پر بریفنگ دی۔ دیگر بنکوں کے صدور نے وزیر اعظم کو بتایا کہ تعمیرات کے فروغ کے حوالے سے بنکوں کی جانب سے پراڈکٹس تیار کی جا چکی ہیں جو کہ بہت جلد متعارف کرا دی جائیں گے۔ وزیر اعظم نے بنکوں کی جانب سے تعمیرات کے شعبے میں متحرک کردار ادا کرنے کے عزم پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تعمیرات کا شعبہ معیشت کے فروغ کا ضامن ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعمیرات کے شعبے کے فروغ سے بنکوں کے لیے منافع بخش بزنس کے بے شمار مواقع میسر آئیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی جانب سیبنکوں کے تمام تحفظات کو دور کر دیا گیا ہے۔ بنکوں کی جانب سے دیے جانے والے قرضوں پر حکومت کی جانب سے اعلان کردہ سبسڈی کی فوری فراہمی کے لیے سٹیٹ بنک کو با اختیار بنا دیا گیا ہے۔ فورکلوژر قوانین کے معاملے کی موثر پیروی کی جا رہی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے بینکوں کو ہدایت کی کہ گھروں کی تعمیر کے حوالے سے درخواستوں کو آسان اور سہل بنایا جائے تاکہ کم اور درمیانہ آمدنی والے افراد اس سہولت سے زیادہ سے زیادہ مستفید ہو سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں