139

سپین پلٹ باپ بیٹے کے ہاتھوں قتل ،واقعہ کو ڈکیتی کا رنگ دینے والا سفاک بیٹا گرفتار

گجرات(پریس ریلیز)سپین پلٹ باپ بیٹے کے ہاتھوں قتل ،واقعہ کو ڈکیتی کا رنگ دینے والا سفاک بیٹا تھانہ سٹی جلالپورجٹاں پولیس نے گرفتار کرلیا ۔پسند کی شادی میں رکاوٹ بننے پر سگے باپ کوفائرنگ کرکے قتل کیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات تھانہ سٹی جلالپورجٹاں کے علاقہ محلہ کلرک پورہ میں سپین پلٹ منیر احمد ولد شریف کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا ۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی صدر سعید احمد اور ایس ایچ او تھانہ سٹی جلالپورجٹاں عدنان احمد پولیس نفری کے ہمراہ فوری جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ۔ پولیس نے موقع سے ابتدائی شواہد اکٹھے کرنے شروع کردیے ، جائے وقوعہ کو مقتول کی بیوی منور بیگم نے واش کردیا تھا۔ اس دوران مقتول کے بیٹے شہزاد حسین نے پولیس کو بیان دیا کہ نامعلوم ملزمان نے گھر سے پاسپورٹ اور دیگر قیمتی اشیاء چوری کیے اور والد منیر احمد کو فائرنگ کرکے قتل کردیا ۔ پولیس نے جائے وقوعہ کے معائنہ اور مقتول کے گھر والوں کے متضاد بیانات پر شہزاد حسین مذکور کی مزید انٹیروگیشن کی تو ملزم نے اقرار جرم کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ اسی نے والد کو قتل کیا ہے ۔ قاتل شہزاد حسین نے پسند کی شادی میں رکاوٹ بننے پر سگے باپ کو فائرنگ کرکے قتل کیا اور جائے وقوعہ کو پانی سے واش کرکے واقعہ کو ڈکیتی کا رنگے دینے کی کوشش کی جسے پولیس نے پیشہ ورانہ مہارت سے ناکا م بنا دیا ۔ پولیس نے شاطر ملزم کو گرفتار کرکے مقتول کے بھائی تنویر احمد کی مدعیت میں قتل کا مقدمہ درج کرلیا ۔ جس کی مزید انٹیروگیشن جاری ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں