40

منگووال غربی میڈیا ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے خصوصی تقریب کا اہتمام

کنجاہ(یاورعباسصدیق بٹ)منگووال غربی میڈیا ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام 5اگست کو یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔ تقریب کی صدارت سابق صدر پریس کلب منگووال حافظ محمد ثناء اﷲ مٹو نے کی ۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا اور یہ سعادت مبشر احمد نے حاصل کی ۔ اس کے بعد درود پاک پڑھا گیا ، اسٹیج سیکرٹری کے فرائض بھی حافظ محمد ثناء اﷲمٹو نے سرانجام دئیے ۔ اس موقع پر خطا ب کرتے ہوئے کہا صدر انجمن تاجران منگووال عنصر بٹ نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ۔ حکومت نے جس طرح یہ قدم آج اُٹھایا ہے یہ پہلے ہوجانا چاہیے تھے انہوںنے کہا کہ پاکستانی عوام کے دل کشمیری عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں ، ہمارا بچہ بچہ کشمیر کے ساتھ ہے ۔ کسان بورڈ ضلع گجرات کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد ریاض گوندل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسان برادری کشمیری عوام کی آزادی کے لیے پرعزم ہے اور لڑنا پڑا تو لڑ کر بھی کشمیری عوام کو آزادی دلوانے میں اپنا کردار ادا کریںگے ۔ پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن منگووال غربی کے صدر مرزا مختار احمدنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم بھارت کی جانب سے کشمیرکو بھارت کا حصہ قرار دینے کی پرزور مذمت کرتے ہیں اور کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے کی سازش کبھی کامیاب نہیں ہونے دیںگے اقوام متحدہ کو اپنی قراردادوں کے مطابق عمل درآمد کروانا چاہیے ، پاکستانی حکومت نے دلیرانہ قدم اٹھایا ہے اور کشمیر کو پاکستان کے نقشے میں شامل کر کے دکھادیا ہے کشمیر پاکستان کا حصہ ہے ۔ انشاء اﷲ جلد پورے کشمیر میں پاکستان کا جھنڈا سربلند ہوگا۔ کنجاہ پریس کلب کے جنرل سیکرٹری یاورعباس نے کہا کہ کشمیر پراقوام عالم کی خاموشی ظلم ہے ۔ پاکستان اپنی شہ رگ ہندوستان کے ظلم و ستم سے انشاء اﷲ جلد آزاد کروائے گا اور کشمیری عوام کی آزادی کے لیے پوری پاکستانی قوم پرعزم ہے ۔ کشمیری عوام کی نسل کشی اور ظلم و جبر کی ہر سازش کا کشمیری عوام نے ڈٹ کر مقابلہ کیا ، ظلم کی تاریک رات ختم ہونے والی ہے ،ہندوستان کی جانب سے کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے سے تحریک آزادی کشمیر کو نیا جذبہ ملا اور آزادی کی تحریک زور پکڑ گئی ہے ۔چیئرمین پریس کلب منگووال شہزاد افضل چغتائی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر ی بھائیوں سے ہمارا خون کا رشتہ ہے اور اس کی بنیاد کلمہ طیبہ ہے ، ہندوستان کبھی بھی طاقت کے زور پر اسے اپنا حصہ قرار نہیں دے سکتا ۔ کشمیر کی آزادی کے لیے تحریک زور پکڑ چکی ہے ، ہم 5اگست 2019کے بھارتی اقدام کی بھر پور مذمت کرتے ہیں جس میں اس نے کشمیر کی علیحدہ حیثیت کو ختم کردیا ۔ اس موقع پر میاں مظہر نمائندہ A 1نیوز ، حکیم محمد ارشد ، چوہدری احسن وڑائچ ، صحافی عدنان اصغر بٹ نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں