56

یونیورسٹی آف گجرات کے سبکدوش ہونے والے ڈاکٹر محمد بشیر گوندل کے اعزاز میں الوداعی تقریب

گجرات (پ۔ر) جامعہ گجرات کے سبکدوش ہونے والے ممتاز ماہر تعلیم و چیئر پرسن شعبہ تعلیم ڈاکٹر محمد بشیر گوندل کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا انعقاد حافظ حیات کیمپس میں ہوا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شبر عتیق کی صدارت میں منعقدہ اس تقریب میں کووڈ 19 کے پیش نظر حکومتی ہدایات کے عین مطابق احتیاطی تدابیر و تقاضوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے اساتذہ و سینئر انتظامیہ کے نمائندگان نے بھر پور شرکت کی۔مہمانانِ اعزازی میں رجسٹرار ڈاکٹر طاہر عقیل،ڈین سوشل سائنسز ڈاکٹر فوزیہ مقصود،چیئرپرسن شعبہ تعلیم ڈاکٹر شیر زمان، سینئر اُستاد ڈاکٹر سید شفقت علی شاہ و دیگر شامل تھے۔پروفیس ڈاکٹر شبر عتیق نے کہا کہ اساتذہ سماجی ترقی میں مثالی کردار ادا کرتے ہوئے نوجوان نسل کے روشن مستقبل کے امن ہیں۔علم و تعلیم کے میدان میں ڈاکٹر محمد بشیر گوندل کی عملی خدمات کوہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔وہ عمل پسند شخصیت کے حامل عجز و انکسار کا پیکر اُستا د ہیں۔نوجوان طلبہ کی عملی صلاحیتوں کو مہمیز کرتے ہوئے انھیں ملکی ترقی کا حصہ بنانا علم و تعلیم کا حقیقی ثمر ہے۔ڈاکٹر بشیر نے شفاف طریقہ سے اپنے فرائض کی ادائیگی کرتے ہوئے بطریق احسن اپنی ملازمت کی تکمیل کی۔ ڈاکٹر طاہر عقیل نے کہا کہ ڈاکٹر بشیر اعلیٰ پایہ کے اُستاد اور دلنواز شخصیت کے مالک ہیں۔تعلیم و تعلم کے فروغ کے لیے اُن کی خدمات قابلِ قدر ہیں۔طلبہ میں ہر دل عزیزی ایک سچے اُستاد کی پیشہ ورانہ زندگی کی معراج ہے۔نوجوان طلبہ کے لیے راہنما اُستاد ہونے کے علاوہ انتظامی امور میں اُن کی انتھک خدمات کو جامعہ گجرات کی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ڈاکٹر فوزیہ مقصود نے کہا کہ ڈاکٹر بشیر ایک راست گو،دانا اور زیرک شخصیت کے حامل اُستاد ہیں۔بُغض و عناد سے پاک مثبت اقدار کے فرو غ کے لیے ہمیشہ کوشاں رہنے والے ڈاکٹر بشیر نوجوان طلبہ کے لیے روشن مینارہ کی حیثیت رکھتے ہیں۔ڈاکٹر محمد بشیر گوندل نے شرکائے تقریب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فرائض کی خوش اسلوبی سے تکمیل ہی کامیاب زندگی ہے۔زندگی جہد مسلسل کا نام ہے۔خود احتسابی شخصیت میں توازن کو فروغ دیتے ہوئے تکریم و خدمت انسانیت کے جذبہ کو فروغ دیتی ہے۔بہترین اُستاد طلبہ کے لیے نمونہ عمل ہوتا ہے۔بہتر ین اُستاد تدریسی و انتظامی دونوں سطح پر کاملیت کو شعاربناتا ہے۔ڈاکٹر شیرزمان نے کہا کہ طلبہ کی ذہنی ترقی،استعداد و کارکردگی میں اضافہ ایک پُرخلوص اُستاد کی عملی کاوشوں کا مرہون منت ہے۔اچھا اُستاد معاشرہ و سماج کا سرخیل ہوتا ہے۔ایک حقیقی اُستاد کے ناطہ سے برداشت و تحمل،صلہ رحمی اور حُسن سلوک ڈاکٹر بشیر کی شخصیت کا اٹوٹ انگ ہیں۔ڈاکٹر سید شفقت علی شاہ نے کہا کہ ڈاکٹر محمد بشیر گوندل ایک انسان دوست شخصیت کے حامل پُر وقار اُستا د ہیں۔اُن کی قیادت میں جامعہ گجرات کے شعبہ تعلیم نے کارہائے نمایاں سر انجام دئیے۔بیگم ڈاکٹر محمدبشیر گوندل نے کہا کہ ڈاکٹر بشیر نے زندگی کے ہر معاملہ میں دیانتداری اور خلوص و نیک نیتی کو شعاربناتے ہوئے کامیاب زندگی کے لائحہ عمل کو پروان چڑھایا۔تقریب سے فیکلٹی اراکین ڈاکٹر سائرہ،ڈاکٹر احمد بلال،نازش عندلیب،نشاط ظفر،حفصہ خانم سمیت خرم رفیع،شمس سلیمان اور محمد غفور نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ڈاکٹر محمد بشیر گوندل کی مثالی خدمات کے اعتراف میں انھیں یادگاری سووینیئر پیش کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں