لاہور(نمائندہ گجرات لنک)پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی مونس الہی نے صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ سے یہاں ملاقات کی جس میں پنجاب کی موجودہ سیاسی اور ترقیاتی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔ ملاقات میں پی ٹی آئی کے رہنما راجہ بہروز کمال بھی موجود تھے۔ دونوں رہنماں نے مقبوضہ کشمیر اور دہلی سمیت بھارت میں مسلمانوں پر مودی حکومت کے مظالم کی شدید مذمت کی۔ بشارت راجہ نے کہا کہ ہم اتحادیوں کے ساتھ مل کر پنجاب کو ترقی کی راہ پر گامزن کر رہے ہیں۔ مونس الہی نے پنجاب میں ریکارڈ قانون سازی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم جس کا ساتھ دیتے ہیں دل سے اور پوری لگن سے دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی مسلمانوں پر مظالم کے خلاف پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں متحد ہیں، مسلمانوں اور اقلیتوں پر مودی کے مظالم نے ہٹلر دور کی یاد تازہ کر دی ہے۔ محمد بشارت راجہ کا کہنا تھا کہ مودی کی فاشسٹ سوچ بھارت کو ٹکڑے ٹکڑے کر دے گی، ٹرمپ کا کشمیریوں کے حق میں بیان پاکستانی خارجہ پالیسی کی کامیابی ہے۔