(ویب ڈیسک)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہدائے کربلا کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حضرت امام حسین اور ان کے ساتھیوں کی عظیم قربانی ہمیں ظلم و جبر اور جھوٹ کے خلاف مزاحمت کا درس دیتی ہے، اس دوران چاہے جان ہی کیوں نہ گنوانی پڑجائے۔یومِ عاشورہ پر پیغام میں بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ حضرت امام حسین ان چند عظیم ہستیوں میں سے ہیں، جنہوں نے زندگی اور موت، فتح اور شکست اور عزت و رسوائی کی تعریف نئے سرے سے متعین کی۔انہوں نے کہا کہ ظلم اور جھوٹ کے خلاف مزاحمت کے لیے امامِ عالی مقام کی زندگی روشنی کا مینار ہے۔چیئرمین پی پی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جبر و تشدد کی جاری نئی لہر اور فلسطین سمیت دنیا کے دیگر علاقوں میں مظالم کے باعث اس سال یومِ عاشور کی اہمیت و افادیت مزید بڑھ گئی ہے، امام حسین کی پیروی کرکے دنیا بھر کے مظلوم ناانصافی اور ظلم کے خلاف کامیابی سے ہمکنار ہوسکتے ہیں۔بلاول بھٹو نے کہا کہ جھوٹ و جبر ان عسکریت پسندوں اور انتہاپسندوں کے بھی ہتھکنڈے ہیں، جو غلط تصورات کو مذہب سے جوڑتے ہیں، عوام کو اس طرح کے متعصب اور جنونیوں کے عزائم سے خبردار رہنا چاہیے۔چیئرمین پی پی نے کہا کہ ظلم کسی بھی شکل اور روپ میں سر اٹھائے، اسے ہر بار جذبہ و شجاعتِ امام حسین سے ہی مٹانا چاہیے۔