گجرات(پ۔ر)تھانہ کنجاہ کے علاقہ کوٹ موجدین میں دو گروپوں میں شدید فائرنگ کے واقعے پر پولیس کا بروقت اور بھرپور ایکشن ۔تین مرکزی ملزمان گرفتار۔ بھاری مقدار میں اسلحہ وایمونیشن برآمد ۔ پولیس کی مدعیت میں دونوں گروپوں کے خلاف کئی دفعات کے تحت مقدمہ درج۔علاقہ میں بدامنی پھیلانے اور عام شہریوں کی زندگیاں داؤ پر لگانے والے عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا ۔ شرپسندی اور قانون ہاتھ میں لینے کی کسی کو ہر گز اجازت نہیں دیں گے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر گجرات سید غضنفر علی شاہتفصیلات کے مطابق تھانہ کنجاہ کے علاقہ کوٹ موجدین میں دو گروپوں کے درمیان اندھا دھند فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ۔ جس میں ملزمان نے خطرناک اسلحہ سے لیس ہوکر ایک دوسرے پر شدید فائرنگ کی ۔ ملزمان کی شر پسندی سے علاقہ کے رہائشی افراد میں خوف وہراس پھیل گیا ۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس فوراً موقع پر پہنچی ۔ ملزمان ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے مختلف اطراف میں فرار ہوگئے ۔ پولیس نے موقع سے بڑی تعداد میں استعمال شدہ خول قبضہ میں لے کر دونوں گروپوں کے خلاف متعدد دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔ ڈی پی او گجرات سید غضنفر علی شاہ نے ڈی ایس پی صدر سرکل کو ہدایت کی واقعہ میں ملوث شرپسند عناصر کو جلد از جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے ۔ جس پر مقامی پولیس نے مختلف چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دے کر تین مرکزی ملزمان کو گرفتار کرکے بڑی تعداد میں جدید اسلحہ برآمد کرلیا ۔ جبکہ باقی ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں ۔ گرفتار ملزمان میں 1.کاشف نصیر عرف کاشی ملاح ولد نصیرالدین سکنہ ہیڈ خانکی تحصیل وزیر آباد ضلع گوجرانولہ 2. شہباز احمد ولد غلام رسول قوم موچی سکنہ قاسم آباد 3.ذکا اللہ ولد ثناء اللہ قوم جٹ گوندل سکنہ قاسم آباد شامل ہیں ۔