گجرات(پ۔ر)گجرات پولیس تھانہ دولت نگر نے نوسر بازی اور بھیک مانگنے والوں کا روپ دھار کر شہریوں کو لوٹنے والا چار رکنی گینگ گرفتار کرلیا تفصیلات کے مطابق ڈی پی او گجرات سید غضنفر علی شاہ کی زیر قیادت گجرات پولیس کاضلع بھر میں چوروں، ڈاکوؤں اور دیگر جرائم پیشہ افراد کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے۔گجرات پولیس تھانہ دولت نگر نے خصوصی کاروائی کرکے چار ملزمان کا ایک گینگ گرفتار کیا ہے جونوسربازی کے مختلف طریقوں سے شہریوں کو لوٹنے میں مصروف تھا۔ گزشتہ روز آزاد کشمیر کی رہائشی ایک خاتون اور اس کا والد بذریعہ گاڑی گجرات سے آزاد کشمیرواپس اپنے گھر جار رہے تھے کہ راستے میں اگووال کے قریب ایک پھٹے پرانے کپڑوں میں ملبوس شخص یک دم ان کی گاڑی کے سامنے آگیا اور بھیک مانگنی شروع کردی۔ اسی دوران اس کے دیگر تین ساتھی بھی موٹر سائیکلوں پر وہاں پہنچ گئے۔ جنہوں نے زبردستی خاتون کا پرس چھین لیا اور فرار ہوگئے۔ ایس ایچ او تھانہ دولت کی سربراہی میں پولیس نے فوری طور پر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا اور خصوصی آپریشن کے دوران چاروں ملزمان کو مال مسروقہ50ہزار سمیت گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزمان میں اشرف ارشاد، مبشر حنیف، گلزار احمد اور شان اللہ سکنائے ضلع پاکپتن شامل ہیں۔ جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔