اوسلو (پ۔ر)شعبہ بین الاقوامی تعلقات کے استاد و محقق ڈاکٹر سید سبطین شاہ جو ان یورپ کے دورے پر ہیں، نے گذشتہ روز پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین چوہدری قمراقبال، سیکرٹری اطلاعات ملک محمد پرویز مہر اور یونین کے سینئر عہدیدار چوہدری اصغر دھکڑ سے پاکستان میں حالیہ شدید سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور اس سلسلے میں جاری امدادی کاروائیوں پر گفتگو کی۔یہ ملاقات دارالحکومت اوسلو کے مضافاتی علاقے میں اصغر دھکڑ کی رہائشگاہ پر ہوئی جہاں میزبان کی طرف سے ضیافت کا اہتمام بھی کیا گیاتھا۔ اس موقع پر اصغر دھکڑ کے فرزند ڈاکٹر کامران دھکڑ اور کزن برادر محمد افضل دھکڑ بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران اس بات پر زور دیا گیا کہ بلاتفریق مذہب، رنگ و نسل سیلاب زدہ لوگوں کی بلاتاخیر مدد کی جائے۔ خاص طور پر اس بات پر اصرار کیا گیا کہ سمندر پار پاکستانی مصیبت کی اس گھڑی میں اپنے سیلاب زدہ ہم وطنو کی دل کھول کر مدد کریں۔ اس ملاقات کے دوران پاکستان میں سیاسی اور معاشی عدم استحکام پر بھی تشویش ظاہر کی گئی۔