گجرات(پ۔ر)ڈی پی او گجرات سید غضنفر علی شاہ کی زیر قیادت پولیس کا مجرمان اشتہاریوں کے خلاف خصوصی آپریشن جاری ۔تین افراد کو قتل کر کے بیرون ملک فرار ہونے والا خطرناک مجرم اشتہاری انٹر پول کی مدد سے دبئی سے گرفتار کرلیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق تھانہ سول لائنز پولیس نے مقدمہ قتل میں مطلوب انتہائی خطرناک مجرم اشتہاری انٹر پول کے ذریعے دبئی سے گرفتار کر لیا ۔ گرفتار اشتہاری نعیم رفیق ساکن گڑھی احمد آباد نے سال 2007میں دیگر ساتھیوں کے ہمراہ گھات لگا کر فائرنگ کرکے دو سگے بھائیوں اور ان کی والدہ کو بے دردی سے قتل کر دیا اور وقوعہ کے بعد بیرون ملک فرار ہو گیا ۔ مقتولین میں قاسم ندیم، محمد آصف اور بلور بی بی شامل ہیں۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی۔ پولیس کی خصوصی ٹیم نے دبئی جاکر انٹرپول اور دبئی پولیس کی مدد سے مجرم اشتہاری کو مشترکہ آپریشن کرکے گرفتار کرلیا ۔ جسے پاکستان منتقل کر کے مزید تفتیش کی جارہی ہے ۔ ڈی پی او گجرات سید غضنفر علی شاہ کا کہنا ہے کہ مجرم کہیں بھی روپوش ہو جائے ، قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتا ۔