گجرات (پ۔ر)ڈپٹی کمشنرعامر شہزاد نے کہا ہے کہ ضلع میں انسداد پولیو مہم 22تا26 اگست تک چلائی جائے گی،ضلع گجرات میں مہم کے دوران 5 سال تک عمر کے 4 لاکھ 89 ہزار444 بچوں کو پولیو سے بچا کے قطرے پلائے جائیں گے، انسداد پولیو مہم کی کامیابی کیلئے موبائل اور فکسڈ ٹیموں کی تعداد میں نمایاں اضافہ کر دیا گیا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی انسداد پولیوکمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا،سی ای اوہیلتھ نعیم اختر جنجوعہ، سی ای او ایجوکیشن چوہدری اورنگزیب،ڈی ایچ اوز ڈاکٹر ذاکر علی راناودیگر اس موقع پر موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ انسداد پولیو مہم کے لئے موبائل ٹیموں کی تعداد1612سے بڑھا کر 2208 کر دی گئی ہے،فکسڈ ٹیموں کی تعداد 33سے بڑھا کر 39، ایریا انچارجز 313کی بجائے 419کر دیے گئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر عامر شہزاد کنگ نے کہا کہ رواں سال کے دوران ملک میں پولیو کیسز کی تعداد14ہو چکی ہے جو کہ لمحہ فکریہ ہے، پولیو کے خاتمہ کے لئے تمام سرکاری محکموں کو اپنی ذمہ داریاں نبھانا ہونگی اسی طرح علمائے کرام،والدین، سول سوسائٹی کے ارکان، میڈیا سمیت تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افرادمحکمہ صحت کی ٹیموں سے بھر پور تعاون کریں۔انہوں نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ نئی ٹیموں کی ٹریننگ کے لئے جامع پروگرام پر عملدرآمد کیا جائے، پولیس انسدادس پولیو ٹیموں کی سکیورٹی کیلئے پلان فراہم کرے۔