لاہور(پ۔ر)وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی کی زیر صدارت اتحادبین المسلمین کمیٹی پنجاب کااہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں تمام مکاتب فکر کے علما کرام، مشائخ عظام اور علمی و دینی شخصیات نے شرکت کی۔اجلاس میں آرمی ہیلی کاپٹر کے شہدا کے لئے خصوصی دعا کی گئی ۔بلوچستان، جنوبی پنجاب اور دیگر علاقوں میں سیلاب اور بارشوں سے جاں بحق ہونے والے افراد کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی ۔اتحادبین المسلمین کمیٹی کا نکاح نامے میں ختم نبوت صل اللہ علیہ والہ وسلم کے حلف نامے کو لازمی قرار دینے پر وزیر اعلی چودھری پرویزالہی کے احسن اقدام کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیا ۔چودھری پرویزالہی نے خیالات کا اظاہر کرتے ہوئے کہا کہ علما کرام اور مشائخ عظام نے ہمیشہ ہر موقع پر قوم کی رہنمائی کی ہے پاکستان میں بھائی چارے، یکجہتی اور مذہبی رواداری کے فروغ میں علما کرام کا کردار لائق تحسین ہے- محرم الحرام کے دوران مذہبی رواداری اور قیام امن کیلئے ڈسٹرکٹ لیول پر خصوصی کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔کمیٹیوں میں انتظامی، پولیس اور علما کرام کو شامل کیا گیا ہے۔مقامی سطح پر امن عامہ برقرار رکھنے کے لئے تمام فیصلے مشاورت سے کئے جائیں گیمذہبی منافرت پر مبنی لٹریچر کی اشاعت اور فروخت کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی۔