اسلام آباد۔۔۔۔۔ سپریم کورٹ آف پاکستان نے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کی رولنگ کالعدم قرار دیدی ۔چوہدری پرویز الٰہی نئے وزیر اعلیٰ پنجاب منتخب ہو گئے ہیں حمزہ شہباز وزیر اعلی پنجاب نہیں رہے۔تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست مزاری کی رولنگ کو کالعدم قرار دے دیا۔ چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی خصوصی بینچ نے پرویز الہی کی درخواست پر سماعت کی۔ گیارہ صفحات کامختصر فیصلہ چیف جسٹس نے پڑھ کر سنایا ، تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔سپریم کورٹ نے فیصلے میں کہا ہے کہ پرویز الہی وزیراعلی پنجاب ہیں، چیف سیکرٹری پرویز الہی کی وزیراعلی تعیناتی کا نوٹیفیکیشن جاری کرے، پرویز الہی آج رات ساڑھے گیارہ بجے حلف اٹھائیں، گورنر کے حلف نہ لینے کی صورت میں صدر مملکت لیں۔عدالت نے فیصلے میں کہا کہ عدالتی فیصلے کی کاپی گورنر کو ارسال کی جائے، گورنر اگر حلف لینے سے انکار کرے تو صدر مملکت حلف لیں۔