گجرات (پ۔ر)ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے جیل چوک ڈسپوزل اسٹیشن، اولڈ جی ٹی روڈ اور چناب پل کا دورہ کیا، شہر کی مرکزی شاہراہ ، سیوریج منصوبہ پر جاری تعمیراتی کام کا معائنہ کیا ، اسسٹنٹ کمشنر گجرات عمردراز گوندل ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ جہانگیر بٹ، ایکسیئن ہائی وے مہر محمد عظمت، ڈی ایف او راشد چٹھہ اس موقع پر موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نے کہا کہ اولڈ جی روڈ گجرات شہر کی ایک مرکزی شاہراہ ہے، شہر کی خوبصورتی میں اضافے کے لیے پراجیکٹ کو مین بلیوارڈ کی طرز پر تعمیر کیا جارہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ اولڈ جی ٹی روڈ کا کھٹالہ تا سمال اسٹیٹ حصہ اس ماہ کے آخر تک مکمل ہو جائے گا، محکمہ شاہرات، میٹرو پولیٹن کارپوریشن کو ہدایت کی گئی ہے کہ شاہراہ کے دونوں اطراف تجاوزات ختم کی جائیں ،ریڑھیوں کے لئے مقامات مخصوص کئے جائیں، سٹرک کے ساتھ ساتھ خوبصورت گرین بیلٹس، شہریوں کے بیٹھے کے لئے بنچ رکھے جائیں گے اور میڈینز پر بھی شجرکاری کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ چناب پل ٹول پلازہ سے باب گجرات تک لایٹس لگانے کا بھی منصوبہ ہے جبکہ دریائے چناب کے پل پر بھی لائٹنگ کی جائے گی۔ جیل چوک ڈسپوزل کے دورہ کے موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے افسران کو ہدایت کی کہ منصوبہ کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ شہر میں سیوریج کے مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے تاکہ شہریوں کو کم از کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔