گجرات(پ۔ر) ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے علی الصبح لیڈیز اینڈ چلڈرن پارک ، گلزار مدینہ روڈ ، جٹوو کل اور سبزی و فروٹ منڈی گجرات کا دورہ کیا ،انہوںنے پارک اور شہری علاقوں میں صفائی کی صورتحال پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے دو سینٹری سپروائزر ز کو معطل کر دیا ، دو سینٹری انسپکٹر ز کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کی ہدایت کی جبکہ منڈی میں صفائی کے ناقص انتظامات اور ریٹ کارڈز آویزاں نہ ہونے پر ای اے ڈی اے اور سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی کو سخت وارننگ جاری کی۔وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور چیف سیکرٹری پنجاب کی ہدایات کے مطابق ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد ، چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن قمر ذیشان کے ہمراہ گلزار مدینہ، چاہ ترہنگ،جٹووکل اور دیگر علاقوںمیں پہنچے جہاں صفائی اور نکاسی آب کی صورتحال نہایت خراب تھی ۔ ڈپٹی کمشنر نے فوری نوٹس لیتے ہوئے سینٹری سپروائزر حمید مسیح اور ظہیر چانگ کو ناقص کارکردگی پر معطل کرنے اور ان کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت محکمانہ کاروائی کے احکامات جاری کئے جبکہ یو سی 9 کے سینٹری انسپکٹر مرتضیٰ اور یوسی 11 کے سپروائزر مشتاق بٹ کو فرائض میں غفلت اور کوتاہی پر شوکاز نوٹس جاری کرنے کے احکامات جاری کئے ۔ڈپٹی کمشنر نے بعد ازاں لیڈیز اینڈ چلڈرن پارک کا دورہ کیا جہاں صفائی اور تفریحی سہولیات کا بد ترین فقدان تھا ، ڈپٹی کمشنر نے صورتحال پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا اور میٹروپولیٹن کارپویشن کے چیف آفیسر سمیت متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ پارک کی صورتحال فوری بہتربنائی جائیں ، جھولے فنکشنل کئے جائیں ، لانز میں گھاس پودوں کی کانٹ چھانٹ یقینی بنائی جائے ۔ انہوںنے واضع کیا کہ لیڈیز اینڈ چلڈرن پارک کی صورتحال بہتر نہ ہونے کی صورت میں ذمہ دار افسران کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا ۔ قبل ازیں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزار نے سبزی و فروٹ منڈی کا دورہ کیا جہاں صفائی کی صورتحال سخت خراب تھی اور پھڑیئے ریٹ کارڈ آویزاں کئے بغیر سبزیاںاور پھل فروخت کررہے تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے ای اے ڈی اے اور سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی کی کارکردگی پر سخت عدم اطمینان کا ا ظہار کیا اور دونوںافسران کو ہدایت کی کہ منڈی میں صفائی کی صورتحال فوری بہتر بنا ئی جائے ، دونوںافسران یقینی بنائیں کہ سبزی و فروٹ منڈی میں لائی جانے والی تمام سبزیوں اور پھلوں کی شفاف نیلامی یقینی بنائی جائے ، پھڑیئے ریٹ کارڈ نمایاں جگہ پر آویزاںکریں ۔