گجرات(پ۔ر)ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملک محمد شفیق احمد نے ڈسٹرکٹ جیل کا دورہ کیا اور معمولی نوعیت کے جرائم کے مقدمات میں گرفتار 7 قیدیوں کو رہا کرنے کے احکامات جاری کئے ،سول جج / مجسٹریٹ دفعہ30 فیصل محمود، سپرنٹنڈنٹ جیل غلام سرور لنگڑیال ، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ عطاالرحمن بھی اس موقع پرموجود تھے ۔ ایڈیشنل سیشن جج نے مختلف بیرکوں، جیل ہسپتال، کچن کا بھی معائنہ کیا اور قیدیوںسے ان کے مسائل دریافت کئے ۔ فاضل سیشن جج نے جیل میںسیکیورٹی انتظامات ، قیدیوںکی تعلیم تربیت کے لئے قائم کلاس رومز ،لائبریری میں کئے گئے انتظا مات پر بھی اطمینان کا اظہا رکیا اور مجموعی طور پر جیل میں کئے جانے والے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ۔