ڈنگہ (عبدالمجید پپو) سہولت بازار کے نام پرمیونسپل کمیٹی ڈنگہ کومبینہ طور پر لاکھوں روپے کاٹیکہ، میونسپل فنڈز میں بڑے پیمانے پر کرپشن کا انکشاف، موجودہ سہولت بازار میں شہر کی سماجی کاروباری شخصیات کی طرف سے ٹینٹ سروس کا سامان کئی ماہ سے مفت فراہم جبکہ سابق سی او بلدیہ ملک محمد علی اعوان کی طرف سے سہولت بازار کے شامیانوں ٹیبل کرسیوں کی مد میں صرف دوماہ میں اپنے منظور نظر ٹھیکیدار کے ذریعے 19 لاکھ 24 ہزار روپے ڈکار لیے۔ سابق چیئر مین میونسپل کمیٹی ڈنگہ میاں امجد محمود نے میڈیا کے سامنے دستاویزی ثبوت پیش کرکے میونسپل حکام کی کرپشن بے نقاب کردی۔ جسکے مطابق سابق سی اوبلدیہ ڈنگہ نے اپنے منظور نظر گورنمنٹ کنٹریکٹر نوید حسین کے ذریعے سہولت بازار میں شامیانوں کی مد میں 5 لاکھ چالیس ہزار روپے قنات اور مزدوری کیلئے 1لاکھ 35 ہزار روپے اسٹیل میز بمعہ کور 1 لاکھ 35ہزار کرسیاں 82ہزار 500روپے ساونڈ سسٹم 90ہزار روپے پانی ٹینکی 36 ہزار روپے، جنریٹر پٹرول 3 لاکھ چوراسی ہزار روپے پیڈسٹل فین 90ہزار روپے لائٹس کیلئے 1 لاکھ 68 ہزار روپے پلاسٹک پائپ 24 ہزار روپے داخلی گیٹ کی روزانہ لگوادی اتروائی 30ہزار روپے پینا فیلکسز 58 ہزار روپے، چونا 28ہزار 500روپے ماسک سینیٹائزر برائے عملہ 36 ہزار روپے، عملہ صفائی اور چوکیدار 60ہزار روپے وصول کر کے مجموعی طور پر 19لاکھ 24 ہزار روپے ڈکار لیے گئے۔ سابق چیئرمین بلدیہ ڈنگہ میاں امجدمحمود نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی نمائندگان کو غیر فعال کر کے سہولت بازار کو ریلیف فراہم کرنے کے نام پر کرپشن کی انتہا کردی گئی ہے سابق سی او بلدیہ ڈنگہ نے ٹیبل کرسیاں اور بلدیہ کے سرکاری ملازمین سہولت بازار میں استعمال کرنے کے باوجود انکے نام پر اپنے چہیتے ٹھیکیدار کے ذریعے صرف دو ماہ کے اندر ایک مد میں ہی لاکھوں روپے کی کرپشن کی ہے جسکا باقاعدہ ریکارڈ بلدیاتی اداروں کی بحالی کے بعد ہمارے بار بار مطالبے پر بمشکل تمام ہمارے حوالے کیا گیا بلدیہ ڈنگہ کی کارکردگی تباہ ہوچکی ہے حاضری ریکارڈ چیک کرنے پر علم ہوا کہ 70سینٹری ورکر تنخواہ وصولی کے باوجود صرف 16 ملازمین ڈیوٹی پر حاضر تھے جبکہ شجر کاری کے نام پر بھی بے پناہ کرپشن ہوئی 50 روپے کا پودا خرید کر بلدیہ کے کھاتے سے 500روپے وصول کیے جاتے رہے جبکہ سابق سی او ملک محمد علی نیلی لائٹ لگا کر لوگوں کو ڈرا دھمکا کر بلیک میل کرکے ان سے ہزاروں روپے وصول کرتے رہے۔

By admin