اسلام آباد (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی بیلجیئم کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ صوفی ولمزکی دعوت پر 6تا 8دسمبر 2021کو برسلز کا دورہ کررہے ہیں ۔ پاکستان اور بیلجیئم کے باہمی دوستانہ تعلقات ، جمہوریت ، یکجہتی ، باہمی عزت و اعتماد اور قریبی شراکت داری کی بنیاد پر قائم ہیں ۔
کئی سالوں سے یہ شراکت داری سیاست ، معیشت ، تجارت ، تعلیم و ثقافت اور عوامی رابطوں سمیت مختلف شعبوں میں مستحکم تر ہو رہی ہے۔ 982ملین ڈالر کے تجارتی حجم کے ساتھ یورپی یونین کے ممالک میں بیلجیئم پاکستان کا پانچواں بڑا تجارتی شراکت دار ہے ۔
اتوار کو ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق حالیہ دورہ کے دوران وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی پاکستان ای یو سٹریٹجک ڈائیلاگ کے چھٹے رائونڈ کی مشترکہ صدارت کریں گے جس میں یورپی یونین کے اعلیٰ حکام اور نائب صدر جوزف بورل بھی شریک ہوں گے ۔
یورپی یونین پاکستان کا بڑا تجارتی و سرمایہ کاری شراکت دار ہے اور پاکستان کی یورپی یونین کے ساتھ باہمی تجارت کا موجودہ حجم 10.883ارب ڈالر ہے ۔ پاکستان کے یورپی یونین کے ساتھ تعلقات قریبی نوعیت کے ہیں اور فریقین نے جون 2019میں پاکستان ای یو سٹریٹجک انگیجمنٹ پلان (ایس ای پی) پر دستخط کئے تھے جو مستقبل میں پاکستان اور یورپی یونین کے اشتراک کار کے فریم ورک کی مستحکم بنیاد فراہم کرتا ہے ۔
ایس ای پی کے تاریخی معاہدے پر دستخط کرنے کے بعد یہ سٹریٹجک ڈائیلاگ کا پہلا ان پرسن سیشن ہو گا ۔3دسمبر کو سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل انریک مورا نے پاکستان ای یو پولیٹکل ڈائیلاگ کے ساتویں رائونڈ کی مشترکہ صدارت کی تھی ۔
برسلز میں اپنے قیام کے دوران وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نیٹو کے سیکرٹری جینز سٹال ٹین برگ سے بھی ملاقات کریں گے ۔فریقین افغانستان کے حوالہ سے باہمی سطح پر قریبی رابطوں کے ساتھ ساتھ فوجی اور سول حکام کی کپیسٹی بلڈنگ اور ٹریننگ کے مشترکہ پروگرامز میں بھی شراکت دار ہیں ۔
وزیرخارجہ اپنے دورہ کے دوران بیلجیئم کے اراکین پارلیمان اور یورپی یونین کی پارلیمنٹ کے اراکین سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ اس موقع پر وزیرخارجہ بیلجیئم اور لیگزمبرگ میں قیام پذیر پاکستانی برادری سے ملاقاتیں اور خطاب بھی کریں گے۔