گجرات(پ۔ر) ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر خالد محمود نے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کی ہدایات کے مطابق انتخابی فہرستوں کی درستگی کیلئے جاری مہم آخری مراحل میں داخل ہو گئی ہے، شہری الیکشن کمشن آف پاکستان کی ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں اور الیکشن کمشن کی ٹیموں کیطرف سے دیا گیا فارم 13پر کرکے بروقت انہیں واپس کریں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرائے عالمگیر کے علاقہ میں سروے ٹیموں کے ممبران کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر خالد محمود نے بتایا کہ 7نومبر سے ووٹر لسٹوں کی درستگی کیلئے شروع ہونے والا سروے 6دسمبر تک جاری رہے گا، اس سروے کا مقصد ووٹر لسٹوں میں نئے اہل ووٹرز کے ناموں کا اندراج، ووٹرز کی درست ایڈریس پرو وٹ کی منتقلی، فوت شدگان کے ناموں کا فہرستوں سے اخراج شامل ہے ۔ انہوںنے بتایا کہ الیکشن کمشن آف پاکستان کی کوشش ہے کہ ہر قسم کی غلطیوں سے پاک انتخابی فہرستیں مرتب کی جائیں یہی فہرستیں بلدیاتی اور عام انتخابات کے لئے بھی استعمال ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ابتک الیکشن کمشن کی ٹیموں نے بھرپور محنت سے کام کیا ہے اور توقع ظاہر کی کہ یہ ٹاسک بروقت مکمل کر لیا جائے گا۔