گجرات(پ ر)وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کورونا سے بچاؤ کیلئے چلائی گئی مہم "ہر دورازے تک رسائی (Reach Every Door) "کے پہلے مرحلے میں شاندار کارکردگی پر ڈپٹی کمشنر گجرات مہتاب وسیم اظہر، چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر نعیم اختر جنجوعہ کو اعزازی شیلڈ سے نوازا ہے، صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد بھی اس موقع پر موجود تھیں، دوسری طرف ضلع میں REDمہم کا دوسرا مرحلہ شروع ہو گیا ہے جو 31دسمبر تک جاری رہے گا۔ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر کورونا ویکسی نیشن مہم (RED)کے پہلے مرحلے میں ضلع گجرات کے رہائشی 12سال سے زائد عمر کے 22لاکھ سے زائد افراد کو کورونا سے بچاؤ کیلئے ویکسی نیشن شروع کی گئی، پہلے مرحلے کے اختتام تک 61فیصد شہریوں کو پہلی ڈوز جبکہ 41فیصد کو دوسری ڈوز لگائی جاچکی ہے۔ REDمہم کے دوسرے مرحلے میں ضلع گجرات میں روزانہ 8300افراد کو ویکسین کی پہلی ڈوز اور 21470افراد کو دوسری ڈوز لگائی جائے گی۔ دریں اثناء ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم اظہر نے صوبہ بھر میں نمایاں کارکردگی پر ہیلتھ مینجمنٹ ٹیم، ویکسی نیشن ٹیموں کے ممبران کو مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ کورونا سے بچاؤ کی ویکسینیشن کے دوسرے مرحلے کیلئے مقررہ کردہ اہداف کے حصول کیلئے ضلع کی تمام 119یونین کونسلوں کیلئے ٹیموں کیلئے اہداف مقرر کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ شہریوں، سول سوسائٹی، میڈیا، علماء کرام کے تعاون سے گجرات کے سو فیصد شہریوں کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کا مشن ضرور مکمل کیا جائے گا۔

By admin