گجرات(پ ر) شہدائے پولیس کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے پولیس لائنز میں خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ڈی پی اوعمر سلامت نے یاد گار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اورجوانوں کے چاک و چوبند دستے نے سلامی دی ۔تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کی ہدائیت اور ویژن کے مطابق فرائض کی ادائیگی کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے پولیس افسران و جوانوں کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے شہدائے پولیس کے حوالے سے خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔جس میں پولیس شہداء کی فیملیز، پولیس افسران اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔ڈی پی او گجرات عمر سلامت نے پولیس لائنز میں یاد گار شہدا ء پرپھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔جوانوں کے چاک و چوبند دستے نے یادگار شہداء پر گارڈ آف آنر پیش کیا۔ ڈی پی او گجرات نے پولیس لائن میں منعقدہ تقریب کے دوران شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان کے قیام اور معاشرے کے ناسوروں سے لڑتے ہوئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے افسران وجوان ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔ان کی لازوال قربانیوں کی وجہ سے آج ملک میں امن کی فضا ء قائم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گجرات پولیس کے 73 شہدا ء ہیں جنہوں نے دہشت گردوں،سماج دشمن عناصر اورمعاشرے کے ناسوروں سے لڑتے ہوئے اپنی قیمتی جانیں قربان کی ہیں،ان کی لازوال قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔اس دوران ڈی پی او گجرات شہداء کی فیملیزمیں گھل مل گئے اور ان سے فرداً فرداً مختلف قسم کے مسائل سنے اور یقین دلایاکہ شہداء کی فیملیز کے لئے ان کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں، وہ کسی بھی قسم کی پریشانی کی صورت میں ان سے رابطہ کرسکتے۔تقریب کے اختتام پرملک و قوم اور شہدائے پولیس کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔اس موقع پرشہداء کی فیملیز اور شرکاء کے لئے خصوصی طور پر کھانے کا بھی اہتمام کیا گیا۔

By admin