گجرات(پریس ریلیز) حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد کی زیر نگرانی موضع لیول ٹڈی دل کنٹرول کمیٹیوں کی ٹریننگ ضلع کونسل ہال میں منعقد ہوئی، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع ڈاکٹر عرفان اللہ وڑائچ اور زرعی ماہرین نے کمیٹیوں میں شامل کسان نمائندوں اور نمبردار حضرات کو ٹڈی دل کی شناخت، حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ کو فوری آگاہی کے لیے طریقہ کار اور ٹڈی دل کے حملہ کی صورت میں مشترکہ اقدامات بارے آگاہ کیا اور شرکا کے سوالات کے جوابات دیے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع ڈاکٹر عرفان اللہ وڑائچ نے کہا کہ ٹڈی دل فصلوں اور باغات کے لیے شدید نقصان دہ ہے جو بہت بڑے جتھے کی صورت میں حملہ آور ہوتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع گجرات اور گوجرانوالہ ڈویژن تاحال ٹڈی دل کے حملہ سے محفوظ ہے تاہم کسی بھی نوعیت کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ٹڈی دل کے حملہ بارے بروقت آگاہی کے لیے موضع لیول کمیٹیوں کا کردار نہایت اہم ہے، کسی علاقہ میں ٹڈی دل کی موجودگی کی اطلاع پر حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ اس علاقہ میں ایس او پیز کے مطابق فوری اقدامات کرے گی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع نے امید ظاہر کی کہ کسی ناگہانی صورت میں حکومت، انتظامیہ اور کسان ملکر ٹڈی دل کے حملہ سے فصلات کو نقصانات سے بچانے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔